شوبز

اداکارہ عائزہ خان نےفلسطین کی صورتحال پر آواز نہ اٹھانےکی وجہ بتادی

اپنی پوسٹ پر سوال 'آپ فلسطین کے حق میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کیوں نہیں کررہیں؟' کے جواب میں کہا 'کیونکہ مجھے علم ہے کہ روزانہ فلسطینیوں کے لیے دعا کرنا پوسٹ کرنے سے زیادہ بہتر ہے

کراچی(شوبز ڈیسک) پاکستان کی مقبول ترین اداکارہ عائزہ خان نے اب تک فلسطین کی صورتحال پر آواز نہ اٹھانے کی وجہ بتادی۔ 7 اکتوبر سے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مسلسل حملے کیے جارہے ہیں، فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 306 فلسطینی شہید ہوئے جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہزار 328 ہوگئی ہے۔

دنیا بھر کی شوبز شخصیات سمیت معروف سلیبریٹیز غزہ کے حق میں آواز بلند کررہی ہیں جب کہ انسٹاگرام پر 13 ملین سے زائد فالوورز رکھنے والی پاکستان کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے اب تک اسرائیل کی بمباری کے خلاف نہیں بولا تھا۔ اس حوالے سے مداح بھی خاصے ناراض دکھائی دیے اور اداکارہ کی سوشل میڈیا پوسٹس پر تبصرے کرکے انہیں یاد دلایا تاہم اب عائزہ نے تمام ناقدین کو ایک پوسٹ کے ذریعے جواب دیا ہے۔

عائزہ خان نے اپنی پوسٹ پر سوال ‘آپ فلسطین کے حق میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کیوں نہیں کررہیں؟’ کے جواب میں کہا ‘کیونکہ مجھے علم ہے کہ روزانہ فلسطینیوں کے لیے دعا کرنا پوسٹ کرنے سے زیادہ بہتر ہے’۔

اداکارہ نے لکھا ‘برائے مہربانی دعا کریں جتنا آپ کرسکتے ہیں اور اس پلیٹ فارم پر دوسروں پر انگلی اٹھانے اور تنقید کرنے سے گریز کریں، ہم سب کے بچے اور چاہنے والے ہیں اور ہم سب اس غم (فلسطینیوں پر ظلم) کو محسوس کرسکتے ہیں’۔

اپنی پوسٹ میں عائزہ نے مزید لکھا کہ ’ہم سوچ بھی نہیں سکتے کہ وہ سب کس تکلیف سے گزر رہے ہیں لیکن مجھے میرے رب پر یقین ہے اور مجھے امید ہے اللہ پاک بہت جلد انہیں انصاف دلائے گا، آمین’۔ ساتھ ہی عائزہ خان نے انسٹاگرام پر کچھ اسٹوریز بھی شیئر کیں۔

فوٹو: اسکرین گریب

اُنہوں نے اپنی ایک اور انسٹاگرام اسٹوری میں غزہ کے بچوں کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ‘یااللہ رحم’۔ عائزہ خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں جائے نماز کی تصویر شیئر کی اور کہا کہ ‘اس تعلق کو کسی انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت نہیں ہے’۔

فوٹو: اسکرین گریب

اداکارہ نے اپنی اسٹوری میں چند ہیش ٹیگز کا استعمال کیا جن میں لکھا تھا کہ ‘انسانیت کے لیے، فلسطین کے لیے، دُنیا کے لیے اور امن کے لیے دُعا کررہی ہوں’۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button