اوپیرا اسٹارسنگرسائرہ پیٹرکو پاکستان کیوں آنا پڑا؟
اوپیرا اسٹار پاکستانی نژاد برطانوی سنگر سائرہ پیٹر کا کہنا ہے کہ جب بھی پاکستان اور میرے مداح یاد کرتے ہیں میں چلی آتی ہوں۔
اسلام آباد(شوبز ڈیسک)اوپیرا اسٹارسنگرسائرہ پیٹرکو پاکستان کیوں آنا پڑا؟ پاکستان کی پہلی اوپیرا اسٹار پاکستانی نژاد برطانوی سنگر سائرہ پیٹر کا کہنا ہے کہ جب بھی پاکستان اور میرے مداح یاد کرتے ہیں میں چلی آتی ہوں۔ انکا کہنا ہے کہ ان دنوں میں پاکستان کے خصوصی دورے پر ہوں اور بے حد خوش ہوں کہ مجھے برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد نے شاہ چارلس سوم کی سالگرہ کی تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے میری بہت پذیرائی کی۔
سائرہ پیٹر جنگ ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کر رہی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں اسلام آباد لوک ورثہ کے سالانہ فوک میلے میں پرفارم کیا تو اس کا بھی شاندار رسپانس ملا۔ وفاقی وزیر برائے ثقافت جمال شاہ کی دعوت پر علامہ اقبال کے کلام شکوہ جواب شکوہ کو اوپیرا موسیقی میں پیش کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہوں۔
جمال شاہ نے لوک میلے میں عمدہ پرفارمنس پر مجھے ثقافت کی وزارت کی جانب سے خصوصی شیلڈ سے بھی نوازا۔ اس ماہ پی این سی اے میں میرا سولو کنسرٹ ہورہا ہے۔ جس میں شاہ عبداللطیف بھٹائی کے کلام پر مبنی ماروی کے آنسو، اوپیرا کے ساتھ دیگر گیت بھی پیش کروں گی۔