ایک منٹ کےایک کروڑچارج کرتی ہوں،اروشی روٹیلا کا دعویٰ
ایک ویڈیو میں بھارتی اداکارہ نے انکشاف کیا کہ وہ بھارت میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ ہیں
ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اروشی روٹیلا نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بھارت میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں بھارتی اداکارہ نے انکشاف کیا کہ وہ بھارت میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ ہیں، جو 1 کروڑ فی منٹ چارج کرتی ہیں۔
فلم ’سنگھ صاحب دی گریٹ‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھنے والی سابق مس دیوا یونیورس کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔ مذکورہ ویڈیو میں 29 سالہ اداکارہ کو یہ دعویٰ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ بھارتی فلم انڈسٹری کی مہنگی ترین اداکارہ ہیں جو ایک منٹ کے لئے ایک کروڑ روپے بطور معاوضہ وصول کرتی ہیں۔
وائرل ویڈیو میں صحافی کے ایک سوال پر اداکارہ دیگر ساتھی فنکاروں کے لئے نیک تمنا کا اظہار کرتے ہوئے بھی دیکھا اور سنا جاسکتا ہے کہ ’وہ تمام لوگ جو اپنی محنت سے ایک مقام پر پہنچے ہیں انہیں بھی زندگی ایسا موقع دیکھنے کو ملے‘۔ اداکارہ کی جانب سے کئے گئے اس دعویٰ پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا اور کہا کہ ’یہ ہی وجہ ہے کہ کوئی انہیں کاسٹ نہیں کرتا‘۔
واضح رہے کہ اداکارہ کی جانب سے کیا گیا یہ دعویٰ حقیقت پر مبنی ہے، انہوں نے فلم ساز سازبویاپتی سرینو اور اداکار رام پوتھینی کی آنے والی فلم میں آئٹم نمبر میں تین منٹ کی پرفارمنس کے لیے تین کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ فلم رواں سال کے آخر میں ریلیز کی جائے گی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل اروشی روٹیلا ساؤتھ انڈین فلم میں آئٹم نمبر کے دو کروڑ روپے وصول کرچکی ہیں۔