بھارتی پنجابی گلوکاردلجیت دوسانجھ نے پاکستانی گلوکارہ شازیہ منظورکا گانا کیوں گایا؟
بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ بھی پاکستانی معروف گلوکارہ شازیہ منظور کے مداح نکلے
ممبئی(شوبز ڈیسک)بھارتی پنجابی گلوکاردلجیت دوسانجھ نے پاکستانی گلوکارہ شازیہ منظورکا گانا کیوں گایا؟رپورٹ کے مطابق معروف بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ بھی پاکستانی معروف گلوکارہ شازیہ منظور کے مداح نکلے۔ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شازیہ منظور نے بھارتی پنجابی گلوکار کی ویڈیو شیئر کی، جس میں بھارتی گلوکار ان کا مشہور پنجابی گانا ’چن میرے مکھنا‘ اپنے انداز میں پیش کرتے دکھائی دیئے۔
شازیہ منظور نے اپنی پوسٹ میں بھارتی پنجابی گلوکار کی تعریف کرتے ہوئے، پنجاب، پنجابی اور پنجابیت کو فروغ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ پاکستانی معروف گلوکارہ کی پوسٹ پر کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے دلجیت دوسانجھ نے خود کو ان کا سب سے بڑا مداح قرار دیتے ہوئے ان کے لیے احترام کا اظہار کیا۔ بھارتی گلوکار کے تبصرے پر شازیہ منظور نے انہیں پنجابیوں کا فخر قرار دیتے ہوئے خود کو بھی ان کا مداح ظاہر کر دیا۔
یاد رہے کہ شازیہ منظور نامور گلوکارہ ہیں، ان کے گانے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں مقبول ہیں، خاص طور پر پنجابی گانے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیے گئے ہیں۔
ان کے نامور پنجابی گانوں میں ’چن میرے مکھنا‘، ’راتاں‘، ’سُن سجنا‘ اور دیگر شامل ہیں۔