شوبز

فلسطینیوں سےاظہاریکجہتی،مہوش حیات کا مطالبہ سامنے آگیا

مانچسٹر(شوبز ڈیسک) پانچویں سالانہ ایوارڈز تقریب برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں 22 اکتوبر کو منعقد ہوئی جہاں اداکارہ مہوش حیات نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتنے کے بعد فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فوری سیز فائر کا مطالبہ بھی کیا۔

انٹرنیشنل پاکستان پرسٹیج ایوارڈز میں متعدد ٹی وی و فلم کے اداکاروں نے شرکت کی جب کہ احسن خان، عائشہ عمر، حمائمہ ملک اور دیگر اداکاروں نے ڈانس پرفارمنس کرکے چار چاند لگا دیے۔

آئی پی پی اے کی سالانہ پانچویں ایوارڈز تقریب میں شرکت کرنے والی شوبز شخصیات نے انسٹاگرام پر تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں جب کہ ایوارڈز جیتنے والے اداکاروں کو ساتھی شخصیات نے مبارک باد بھی پیش کی۔ اس دوران اداکارہ مہوش حیات نے فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

مہوش حیات اپنی اداکاری کے علاوہ سماجی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی جانی جاتی ہیں، ایوارڈ لینے کے لیے جب مہوش حیات اسٹیج پر پہنچی تو انہوں نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کرتےہوئے کہا کہ ’غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے اسے دیکھ کر خوشی محسوس کرنا مشکل ہے، جیسا کہ ڈاکٹر کنگ کہتے ہیں، ’خاموش رہنا اتنا ہی خطرناک ہے جتنا کہ آواز اٹھانا‘۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کی مائیں اپنے معصوم بچے کھو رہی ہیں، ہر بچے کی زندگی اہم ہے غزہ میں جو بچوں کے ساتھ ہورہا ہے وہ اس کے مستحق نہیں ہیں، ہسپتال، اسکولز اور گھروں کو تباہ کیا جارہا ہے۔ مہوش حیات نے اپنے تقریر کے دوران ’فوری سیز فائر‘ کا مطالبہ بھی کیا۔

اداکارہ نے ویڈیو کے کپشن میں لکھا کہ ’گزشتہ رات مانچسٹر میں جہاں مجھے ’لندن نہیں جاؤں گا‘ میں اپنے کردار کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملا، میں نے ہمیشہ اہم مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا پلیٹ فارم استعمال کرنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ’میں اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ خطے میں امن ممکن اس کے لیے ہمیں انسانیت کو سمجھنا ہوگا، میری دعا ہے کہ لوگوں کی آپس میں نفرتیں ختم ہوں اور ایک دوسرے کے لیے ہمدردی پیدا ہو۔‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button