شوبز

پاکستانی فنکاروں کے پہلے ترکش ڈرامے کی جھلک نے دھوم مچا دی

'میرے پہلے ترکش ڈرامے سے ایک جھلک، پوری ٹیم کے ساتھ کام کرکے بہت مزہ آیا، یہ ایک بہترین تجربہ تھا: عتیقہ اوڈھو

لاہور (کلچرل رپورٹر، آن لائن) پاکستانی فنکاروں کے پہلے ترکش ڈرامے کی جھلک نے دھوم مچا دی ‘ پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں عتیقہ اوڈھو، توثیق حیدر اور عطا بیگ محسن کے پہلے بین الاقوامی ترکش ڈرامہ سیریل کی پہلی جھلک سامنے آ گئی۔

تفصیلات کے مطابق فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ترکش کامیڈی ڈرامہ سیریل ‘کویو بیاز’ کا ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے لکھا کہ ‘میرے پہلے ترکش ڈرامے سے ایک جھلک، پوری ٹیم کے ساتھ کام کرکے بہت مزہ آیا، یہ ایک بہترین تجربہ تھا۔ انہوں نے پروجیکٹ کی کامیابی کے لئے دعا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ دعا کرتی ہوں کہ یہ سب کو پسند آئے، پاکستان اور ترکیہ پرانے دوست ہیں اور امید کرتی ہوں کہ مستقبل میں بھی ہمارے فنکار ایک ساتھ کام کریں گے’۔

عتیقہ اوڈھو کے مدمقابل اداکار توثیق حیدر نے بھی اس ڈرامہ سیریل کی پہلی قسط سے ایک سین شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘آخر کار انتظار ختم ہوا، ہمارا ڈرامہ شروع ہوگیا ہے’۔ عتیقہ اوڈھو اور توثیق حیدر کے شیئر کردہ ویڈیو کلپ سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے ترکش ڈرامے میں انگریزی زبان کا استعمال کرتے ہوئے اداکاری کی ہے تاہم ابھرتے ہوئے اداکار عطا بیگ محسن کی جانب سے شیئر کئے گئے ویڈیو کلپ سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے ترکش زبان میں اداکاری کی ہے۔ عطا بیگ محسن کی جانب سے شیئر کئے گئے ویڈیو کلپ میں انہیں ترکش زبان، لب و لہجے میں اداکاری کرتے ہوئے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔ انہیں ترکش زبان، لب و لہجے میں اس قدر عبور حاصل ہے کہ اس میں انہیں پہچاننا مشکل ہے۔ خیال رہے کہ عتیقہ اوڈھو، توثیق حیدر اور عطا بیگ محسن ترکش ڈرامہ سیریل ‘کویو بیاز’ کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں جس کا اعلان انہوں نے گزشتہ برس اپنے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے کیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button