آمنہ ملک پراپنےہی بچوں کو جان سےمارنےکا الزام
انہوں نے شادی سے متعلق سوال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی 18 برس کی عمر میں ہوگئی تھی

کراچی(شوبز ڈیسک) آمنہ ملک پراپنےہی بچوں کو جان سےمارنےکا الزام، شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ اور میزبان آمنہ ملک نے انکشاف کیا ہے کہ معاشرے کے چند پڑھے لکھے لوگوں کی جانب سے ان پر اپنے ہی بچوں کو خود ہی جان سے مارنے کے الزامات لگائے گئے۔
حال ہی میں ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کرنے والی آمنہ ملک نے معاشرے کی تلخ حقیقت سے پردہ اُٹھایا اور بتایا کہ لوگوں نے کس طرح انہیں بیٹی ہونے پر بیٹے کی محرومی کا احساس دلایا اور 3 بار حمل ضائع ہونے پر اپنے ہی بچوں کو خود ہی جان سے مارنے کے الزامات لگائے۔
انہوں نے شادی سے متعلق سوال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی 18 برس کی عمر میں ہوگئی تھی، اب ان کی دو بیٹیاں، 20 اور 13 برس کی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پہلی بیٹی جب 4 سال کی تھی تو دوسرے بچے کی پیدائش کو کچھ ماہ باقی تھے، اس وقت حمل کا ساتواں مہینہ تھا، گھر کے کاموں کے دوران مجھے نہیں معلوم ہوا کہ بچے کا انتقال ہوچکا ہے، الٹراساؤنڈ کروانے گئی تو معلوم ہوا کہ بچہ مر چکا ہے۔
تاہم ڈاکٹر نے آپریٹ کرنے سے انکار کردیا اور نارمل ڈلیوری کا مشورہ دیا وہ دن میرے لیے کافی تکلیف دہ تھا، جو لوگ مجھ سے ملنے آتے تھے وہ بچے کے مرجانے کا افسوس کرتے تھے کیونکہ وہ بیٹا تھا انہیں میری کوئی فکر نہیں تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے تیسرے اور چوتھے بچے کے وقت بھی ایسا ہی ہوا، ایک 5ویں ماہ اور ایک 8ویں ہفتے انتقال کر گیا تھا، لیکن کسی کو میری پرواہ نہیں تھی ۔ اس وقت سسرال میں ایک شادی تھی سب کو اس بات کی پرواہ تھی کہ شادی میں جانا ہے۔