”ہیرامنڈی2“ تقسیم ہند کے بعد طوائف لاہور سے کہاں جائیں گی؟
سنجے لیلا بھنسالی نے 3 جون کو سیریز کے دوسرے سیزن کا اعلان کیا تھا

لاہور(شوبزڈیسک)بالی ووڈ کے معروف فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی سُپر ہٹ ویب سیریز‘ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار جو کہ لاہور پر ان دنوں نیٹ فلکس پر دکھائی جا رہی ہے۔اس کی پری پروڈکشن کے کام کا آغاز ہوگیاہے۔”ہیرامنڈی“کے مداح اب سیریز کے دوسرے سیزن کا انتظار کررہے ہیں اور اس سے متعلق ہر جُڑی خبر پر اپنی نظریں جمائے بیٹھے ہیں، مداح تجسس میں ہیں کہ سنجے لیلا بھنسالی سیزن 2 میں کیا چمتکار دکھانے والے ہیں اور یہ سیریز کب ریلیز ہو گی۔
اس حوالے سے سیریز کے شو پروڈکشن ڈیزائنر سبرتا چکرورتی نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ اُنہوں نے‘ہیرامنڈی’کے دوسرے سیزن کے سیٹ کی ڈیزائنگ کے حوالے سے کام شروع کردیا ہے۔سبرتا چکرورتی نے کہا کہ وہ ابھی اس حوالے سے کچھ بھی نہیں کہہ سکتے ہیں کہ سیریز کے دوسرے سیزن کی شوٹنگ کا آغاز کب ہوگا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ سیریز کے ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی اپنے دوسرے پراجیکٹ کے کام میں مصروف ہیں، وہ اپنا کام ختم کرنے کے بعد ہی‘ہیرامنڈی 2′ کی شوٹنگ کے حوالے سے اعلان کریں گے۔
دوسری جانب سبرتا چکرورتی کے بیان کے بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلمساز بہت جلد‘ہیرامنڈی 2′ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کریں گے کیونکہ سیریز کے پری پروڈکشن کام کا آغاز ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ رواں ماہ 3 جون کو سنجے لیلا بھنسالی نے نیٹ فلکس انڈیا کے ساتھ مشترکہ انسٹاگرام پوسٹ میں ویب سیریز‘ہیرامنڈی’کے سیزن 2 کا اعلان کیا تھا۔سنجے لیلا بھنسالی کا کہنا تھا کہ‘ہیرامنڈی 2′ میں طوائف تقسیم ہند کے بعد لاہور سے ممبئی اور کولکتہ آجائیں گی، پھر یہاں کی فلم انڈسٹری میں اپنا کیریئر شروع کریں گی۔