دوسری مرتبہ ماں بننے اداکارہ صنم جنگ کیا محسوس کرتی ہیں؟اپنے جذبات کا اظہارکردیا
خوشخبری مداحوں کو دیتے ہوئے صنم جنگ نے لکھا تھا کہ ' میری فیملی میں ایک نئے اضافے کا آپ سب سے تعارف کروارہی ہوں

کراچی(شوبز ڈیسک)دوسری مرتبہ ماں بننے اداکارہ صنم جنگ کیا محسوس کرتی ہیں؟اپنے جذبات کا اظہارکردیا،رپورٹ کے مطابق دوسری مرتبہ ماں بننے والی معروف اداکارہ اور میزبان صنم جنگ نے مامتا کے حوالے سے ایک خوبصورت پوسٹ کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ صنم جنگ نے موبائل نیٹ ورک کے ایک اشتہار میں کام کرکے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے 2008 میں پلے ٹی وی پر وی جے کی حیثیت سے کام کیا، 2010 میں انہیں آگ ٹی وی سے وی جے کی آفر موصول ہوئی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔
صنم نے اپنے کیریئر میں متعدد ڈراموں میں بھی کام کیا، جن میں ‘دل مضطر’، ‘محبت صبح کا ستارہ’، ‘میرے ہم دم میرے دوست’ اور ‘الوداع’ قابل ذکر ہیں۔ انہیں ڈراموں کے علاوہ بولی وڈ میں ایک فلم کی آفر بھی موصول ہوئی، تاہم صنم نے اس میں کام سے معذرت کرلی تھی۔ صنم جنگ اداکاری کے ساتھ ساتھ مارننگ شوز، لائیو شوز اور ٹرانسمیشنز کی میزبانی کے فرائض بھی سرانجام دے چکی ہیں
اداکارہ کے ہاں نومبر 2016 میں پہلی بیٹی الایا کی پیدائش ہوئی تھی، انہوں نے اسی سال کے آغاز میں اپنے اسکول کے زمانے سے دوست اور پائلٹ عبدل قسام جعفری سے شادی کی تھی۔ بعدازاں وہ جولائی 2023 میں اپنے اہلِخانہ کے ہمراہ پاکستان سے امریکا منتقل ہوگئی تھیں، انہوں نے اپنوں سے دور پردیس میں رہنے کی جذباتی مشکلات پر بھی بات کی تھی اور مشورہ دیا تھا کہ پاکستان چھوڑ کر مت جائیں
شوہر اور بیٹی کے ہمراہ امریکا منتقلی کے بعد صنم جنگ شوبز اسکرین سے دور ہیں، تاہم وہ سوشل میڈیا پر متحرک دکھائی دیتی ہیں اور مداحوں کے لیے امریکا سے ولاگز بھی شیئر کرتی رہتی ہیں۔ رواں برس 22 جولائی کو اداکارہ کے ہاں دوسری بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کی اطلاع انہوں نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کر کے دی تھی۔

خوشخبری مداحوں کو دیتے ہوئے صنم جنگ نے لکھا تھا کہ ‘ میری فیملی میں ایک نئے اضافے کا آپ سب سے تعارف کروارہی ہوں، الحمداللہ میرے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔ حال ہی میں انہوں نے زندگی میں آنے والی اس تبدیلی کے حوالے سے ایک مامتا بھری پوسٹ کر کے اپنے جذبات سے آگاہ کیا۔
انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے صنم جنگ نے لکھا کہ ‘میں نے کبھی نہیں سوچا کہ میں اتنی محبت کسی اور سے کرسکوں گی جتنی میں الایا سے کرتی ہوں لیکن جس لمحے یہ ننھی پری میری بانہوں میں آئی میں دوبارہ محبت میں گرفتار ہوگئی’۔