نعمان اعجازکو "بھگوان”پکارنےکا معاملہ،مداحوں کی بڑی تعداد صبا قمرپربھڑک اُٹھی
اداکارہ اور ماڈل صبا قمر کی ایک ویڈیو نےسوشل میڈیا پر ہلچل مچادی ہے، جس میں وہ اداکار نعمان اعجاز کو مبینہ طور پر ’بھگوان’ کہہ رہی ہیں

کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستان کی ورسٹائل اداکارہ اور ماڈل صبا قمر کی ایک ویڈیو نےسوشل میڈیا پر ہلچل مچادی ہے، جس میں وہ اداکار نعمان اعجاز کو مبینہ طور پر ’بھگوان’ کہہ رہی ہیں۔ یہ ویڈیو دراصل دونوں اداکاروں کے ڈرامے "مسٹر اینڈ مسز شمیم” کے بی ٹی ایس کلپ سے لی گئی تھی، جس میں صبا قمر کی آواز سنی گئی۔ ویڈیو میں وہ نعمان اعجاز کو جم کی کلاس چھوٹ جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں ’بھگوان’ کے لقب سے پکارتے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد مداحوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔ کچھ مداحوں نے اس لفظ پر حیرانی کا اظہار کیا، جبکہ دیگر نے یہ بھی کہا کہ شاید صبا قمر کی نیت اس لفظ کو استعمال کرتے وقت ناپسندیدہ نہیں تھی اور انہوں نے مذاق یا کسی دوسرے معنوں میں اسے کہا ہوگا۔صبا قمر اور نعمان اعجاز دونوں ہی پاکستان کی معروف اور ورسٹائل اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں، جنہوں نے متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، جیسے کہ صبا قمر کے مشہور ڈرامے "چیخ”، "فراڈ” اور "پانی جیسا پیار ہے”، جبکہ نعمان اعجاز کے سپر ہٹ ڈرامے "او رنگریزا” اور "دشت” ہیں۔
اس ویڈیو کے بعد صبا قمر اور نعمان اعجاز کے مداحوں کے درمیان اس لفظ کے استعمال پر مختلف آراء سامنے آئیں، تاہم اس معاملے پر ابھی تک کوئی واضح وضاحت نہیں آئی۔