ہانیہ عامر نےوزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سےمددطلب کر لی
معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنی انسٹاگرام سٹوری کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مدد کی اپیل کی، اور کہا کہ ہمیں سانس لینے کی ضرورت ہے

لاہور(شوبز ڈیسک)پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے مختلف شہروں میں اس وقت اسموگ نے شہریوں کی زندگی کو مشکل بنا رکھا ہے۔ لاہور سمیت دیگر شہر اس دھند اور آلودگی کے باعث شدید متاثر ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد سانس کی بیماریوں کا شکار ہیں۔ اسموگ کی بنیادی وجوہات میں فصلوں کی باقیات کا جلانا، بڑھتی ہوئی گاڑیوں کی تعداد اور صنعتی آلودگی شامل ہیں، جو کہ قدرتی آفات نہیں بلکہ انسانوں کے اقدامات کا نتیجہ ہیں۔فنکار برادری بھی اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے اور اسموگ کے تدارک کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دے رہی ہے۔ معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے بھی اپنی انسٹاگرام سٹوری کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مدد کی اپیل کی، اور کہا کہ ہمیں سانس لینے کی ضرورت ہے۔
ہانیہ عامر نے ذوالفقار علی بھٹو جونئیر کی ایک ٹویٹ کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے اسموگ کو پاکستان کا مقامی مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ اس کے لیے عالمی آلودگی کا الزام نہیں دیا جا سکتا۔ذوالفقار علی بھٹو جونئیر نے مزید کہا کہ پاکستان مسلسل قدرتی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، درختوں کی کٹائی اور پانی کے وسائل کا ضیاع بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے ماحولیاتی بحران مزید سنگین ہو رہا ہے۔دیگر فنکاروں کی جانب سے بھی اسموگ کے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ معروف گلوکار علی ظفر نے حکومتی سطح پر اسموگ کے تدارک کے لیے اہم اقدامات کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ اداکارہ صبا قمر نے انسٹاگرام پر لکھا کہ لاہور میں سانس لینا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ اداکارہ صبا حمید نے بھی لاہور کی موجودہ حالت کو "قاتل شہر” قرار دیا اور کہا کہ وہ شہر جو کبھی باغات کا مرکز تھا، اب آلودگی کی وجہ سے موت کا باعث بنتا جا رہا ہے۔