شوبز

بھارتی اداکارہ رشمیکا مندانا کون سےپاکستانی ڈیزائنر کے ملبوسات پہنتی ہیں؟

بھارتی اداکارہ نے ایک فیملی تقریب میں پاکستانی ڈیزائنر اقبال حسین کا تیار کردہ لباس زیب تن کیا، یہ خوبصورت اور مہنگا لباس ان کے مداحوں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے

بالی ووڈ(شوبز ڈیسک)  بھارتی فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ رشمیکا مندانا اپنے شاندار اسٹائل اور فیشن سینس کے باعث خوب چرچوں میں رہتی ہیں۔ رشمیکا نہ صرف اپنی اداکاری بلکہ اپنے منفرد اور خوبصورت فیشن انتخاب کی وجہ سے بھی جانی جاتی ہیں۔  رشمیکا مندانا کے فیشن میں روایت اور جدیدیت کا حسین امتزاج شامل ہے۔ ان کے ملبوسات کی خاص بات یہ ہے کہ وہ ہمیشہ اپنے اسٹائل کو اپنی شخصیت کے مطابق اپناتی ہیں۔ چاہے وہ سادہ ساڑھی ہو یا کسی تقریب میں پہنا گیا گاؤن، رشمیکا ہر لباس میں کمال کی لگتی ہیں۔

بھارتی اداکارہ نے ایک فیملی تقریب میں پاکستانی ڈیزائنر اقبال حسین کا تیار کردہ لباس زیب تن کیا، یہ خوبصورت اور مہنگا لباس ان کے مداحوں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ رشمیکا مندانا نے اس تقریب کے لیے اقبال حسین کا ڈیزائن کردہ ایک خوبصورت لباس پہنا جس میں مشرقی رنگوں کی عکاسی اور ثقافت کی جھلک نمایاں تھی۔

 سب سے پہلے بات کی جائے قمیص کی تو  رشمیکا نے ایک پیور مائیسوری نیٹ کی سرسوں رنگ کی قمیص پہنی تھی جس پر زردوزی، نقشہ، دبکا، کورا اور کامدانی کا نفیس کام تھا۔ یہ کڑھائی نہایت خوبصورتی سے کی گئی تھی جو لباس کو ایک شاہانہ شکل دے رہی تھی۔

رشمیکا کے ڈھاکا پاجامے کی بات کی جائےتو  یہ زیتون سبز رنگ کے خالص جامہ وار کپڑے سے بنا تھا جس پر قمیص کی طرح بھاری بارڈر کا کام بھی شامل تھا۔ یہ کام اس لباس کی مکمل شکل کو مزید خوبصورت بنا رہا تھا۔ اس شاندار لباس کے ساتھ جو دوپٹہ شامل تھا، وہ بھی سرسوں رنگ کے خالص ٹشو کا تھا جس پر چاروں طرف اور پلّو پر بھاری کام کیا گیا تھا، اور پورے دوپٹے پر چھوٹی چھوٹی کامدانی کی جھلکیاں تھیں۔ یہ دوپٹہ اس لباس کو ایک مکمل اور پرتعیش شکل دے رہا تھا۔

رشمیکا نے اس تقریب میں نہ صرف اپنے لباس بلکہ اپنے سادہ میک اپ اور ہلکی جیولری سے بھی دلوں کو جیت لیا۔ مداحوں نے رشمیکا کے اس انداز کی تعریف کی اور سوشل میڈیا پر ان کے اس انتخاب کو سراہا۔ ان کی جانب سے پاکستانی ڈیزائنر کا لباس پہننے کا فیصلہ نہ صرف دونوں ممالک کی فیشن انڈسٹریز کے درمیان خوبصورتی کے تبادلے کو ظاہر کرتا ہے بلکہ فیشن کے دائرے میں مزید ہم آہنگی کی جانب اشارہ کرتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button