شوبز

بالی وڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی ماں بننے کے بعد دلجیت دوسانجھ کےکنسرٹ میں سرپرائز انٹری

دپیکا نےاپنےآبائی شہربنگلورو میں معروف گلوکاردلجیت دوسانجھ کے 'دل لومیناتی کنسرٹ' میں سرپرائزانٹری دیکرمداحوں کو خوشگوارحیرت میں مبتلا کردیا

بنگلورو(شوبزڈیسک)کچھ ہی عرصہ پہلے ماں بننے والی بالی وڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اپنی بیٹی دعا کی پیدائش کے بعد سے عوام کی نظروں سے اوجھل تھیں، تاہم گزشتہ روزدپیکا نےاپنےآبائی شہربنگلورو میں معروف گلوکاردلجیت دوسانجھ کے ‘دل لومیناتی کنسرٹ’ میں سرپرائزانٹری دیکرمداحوں کو خوشگوارحیرت میں مبتلا کردیا۔

یہ تقریب اس وقت اوربھی یادگاربن گئی جب دلجیت نےدیپیکا کو اسٹیج پربلا لیا اور ہجوم خوشی سے جھوم اٹھا۔ دنیا بھر میں اپنےبلاک بسٹرکانسرٹ ‘دلومیناتی ٹوور’ کی شاندارکامیابی کے ذریعے دھوم مچانے والے گلوبل سپراسٹار ‘دلجیت دوسانجھ‘ نے اِن دلچسپ لمحات کی ویڈیو اپنےآفیشل اکاؤنٹ پرشیئرکی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دپیکا کو اسٹیج پر بلانے سے قبل دلجیت دوسانجھ اداکارہ کی آمد سے بےخبر ہجوم کو دلچسپ انداز میں دپیکا کی آمد کا اشارہ دے رہے ہیں۔ دلجیت دوسانجھ نے ہاتھ میں ایک صابن کا پیکٹ اٹھا رکھا تھا، انہوں نے کنسرٹ کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ کو معلوم ہے یہ کس کا برانڈ ہے؟ دپیکا پڈوکون جی کا، میری خوبصورتی کا راز یہی ہے کہ میں اسی سے نہاتا ہوں، اسی سے منہ دھوتا ہوں’۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ‘یہ کوئی ایڈورٹائزمنٹ نہیں ہورہی، مجھے کسی نے پیسے نہیں دیے، سچ میں، ہر مہینے میرے پاس یہ صابن آجاتے ہیں تو جب بھی میں بھارت آتا ہوں تو میں اسی سے نہاتا ہوں، اسی سے منہ دھوتا ہوں، جنہوں نے یہ بنایا ہے وہ آپ کے شہر کی شان، آج یہاں موجود ہیں، اندازہ لگائیں کون ہوسکتا ہے؟’

اس کے بعد ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفید ٹی شرٹ اور بلیو جینز پہنی دپیکا پڈوکون اسٹیج پر آجاتی ہیں اور مداحوں نے خوب چیخ چلا کر اُن کا استقبال کیا۔ دپیکا پڈوکون کی اسٹیج پر موجودگی کے دوران دلجیت نے اپنا مقبول گانا ‘لوور’ گایا جس پر دپیکا بھی خوشی سے جھومتی نظر آئیں جن کی شرٹ پر اسی گانے کا ٹائٹل درج تھا۔

دلجیت نے ہجوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘کیا آپ لوگ یقین کر سکتے ہیں؟ ہم نے انہیں ہمیشہ بڑے پردے پر دیکھا ہے، اتنی پیاری ہیں، انہوں نے اپنے دم پر بالی وڈ میں جگہ بنائی ہے، اتنا اچھا اور پیارا کام کیا ہے، آپ کو ان پر فخر ہونا چاہیے، ہم سب کو ان پر فخر ہے، بہت بہت پیار’۔ ان دلچسپ لمحات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہیں جہاں صارفین دلجیت کے کنسرٹ میں دپیکا کی سرپرائز انٹری کو سال 2024 کا بہترین کولیبریشن قرار دے رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button