ایکشن فلم سنو وائٹ کو سینما گھروں میں دکھانے پر پابندی عائد ،مگر کیوں؟
ڈزنی کی نئی لائیو ایکشن فلم سنو وائٹ کو لبنان کے سینما گھروں میں دکھانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے

بیروت (شوبز ڈیسک) ڈزنی کی نئی لائیو ایکشن فلم سنو وائٹ کو لبنان کے سینما گھروں میں دکھانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس پابندی کی وجہ فلم میں اسرائیلی اداکارہ گیل گیڈوٹ کی موجودگی ہے، جو فلم میں ایول کوئین کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
یہ فیصلہ لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار کی جانب سے کیا گیا ہے اور اس کی بنیاد لبنان کی طویل عرصے سے جاری اسرائیل بائیکاٹ پالیسی ہے۔ لبنانی فلم اور میڈیا کی نگرانی کرنے والے ادارے نے بھی اس فیصلے میں اہم کردار ادا کیا ہے خاص طور پر ایسے وقت میں جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں اسرائیلی حملوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں عام شہری بھی جاں بحق ہوئے۔
بیروت میں واقع اٹالیا فلمز، جو مشرق وسطی میں ڈزنی کی فلمیں تقسیم کرتی ہے، کے نمائندے نے ورائٹی کو تصدیق کی کہ گیل گیڈوٹ کی کوئی بھی فلم لبنان میں ریلیز نہیں کی گئی کیونکہ وہ اسرائیل بائیکاٹ لسٹ پر شامل ہیں۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ سنو وائٹ کو کویت میں بین نہیں کیا گیا، جیسا کہ پہلے کچھ رپورٹس میں دعوی کیا گیا تھا۔
گیل گیڈوٹ اسرائیلی شہری اور سابق اسرائیلی فوجی ہیں، اور کھل کر اسرائیل کی حمایت کرتی ہیں۔ انہوں نے مارچ میں نیویارک میں ہونے والی اینٹی ڈیفیمیشن لیگ کی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے 7 اکتوبر کے حماس حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ وہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھیں کہ ایسے حملوں کی عوامی سطح پر حمایت دیکھنے کو ملے گی، جسے انہوں نے ایک قتل عام قرار دیا۔