پاک بھارت کشیدگی کے دوران بڑا قدم، بھارتی گانے چلانے پر پابندی عائد
عطا اللہ تارڑ نے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے اس فیصلے کو سراہا ہے جس کے تحت پاکستانی ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز پر بھارتی گانے نشر کرنا بند کر دیے گئے ہیں

اسلام آباد(شوبزڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن(پی بی اے)کے اس فیصلے کو سراہا ہے جس کے تحت پاکستانی ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز پر بھارتی گانے نشر کرنا بند کر دیے گئے ہیں۔وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے لکھے گئے خط میں پی بی اے کے فیصلے کو سراہا گیا۔ خط میں لکھا گیا کہ یہ محب وطن اقدام نہ صرف قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے بلکہ قومی یکجہتی کا مظہر بھی ہے۔
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پی بی اے کا یہ قدم خود سے اٹھایا گیا ایک قابل فخر اقدام ہے جو ہماری خودمختاری اور قومی وقار کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم سب ایک قوم بن کر مشکل وقت میں اپنے بنیادی قومی مفادات کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزارت نے میڈیا کے تمام اداروں کی ان کوششوں کو سراہا جو موجودہ نازک صورتحال میں قومی مفاد، یکجہتی، امن اور حب الوطنی کو فروغ دینے میں حکومت کے ساتھ ہیں۔
یاد رہے، اس فیصلے سے ایک دن قبل بھارت نے پاکستانی فنکاروں اور تفریحی چینلز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی عائد کر دی تھی، جن میں ماہرہ خان، ہانیہ عامر، علی ظفر اور دیگر شامل ہیں۔