ریئلٹی شو میں سرعام فحاشی میزبان کے خلاف مقدمہ درج
بھارت کے معروف اداکار اجاز خان کے رئیلٹی شو "ہاؤس اریسٹ" کے ایک وائرل سین نے پورے ملک میں تہلکہ مچا دیا ہے

ممبئی (شوبز ڈیسک )بھارت کے معروف اداکار اجاز خان کے رئیلٹی شو "ہاؤس اریسٹ” نے پورے ملک میں تہلکہ مچا دیا ہے، جب ایک وائرل ویڈیو کلپ میں انہیں خواتین شرکاء کو زبردستی فحش حرکات کرنے پر مجبور کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کے بعد Ullu ایپ نے فوری طور پر شو کو اپنے پلیٹ فارم سے ہٹا دیا ہے۔
میڈیا تفصیلات کے مطابق بجرنگ دل کی شکایت پر ممبئی پولیس نے اجاز خان کے شو پروڈیوسر راجکمار پانڈے اور Ullu ایپ کے ذمہ داران کے خلاف فحش مواد نشر کرنے اور خواتین کی بےحرمتی کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی ہے۔دوسری جانب قومی خواتین کمیشن نے بھی سخت ایکشن لیتے ہوئے اجاز خان اور Ullu ایپ کے سی ای او ویبھو اگروال کو 9 مئی کو طلب کر لیا ہے تاکہ وہ وضاحت دے سکیں کہ خواتین کو اس قسم کے مکروہ مواد میں کیوں گھسیٹا گیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے شو کو سافٹ پورن قرار دیتے ہوئے اسے نہ صرف فحش بلکہ خواتین کی تضحیک کا ذریعہ بھی کہا۔ کئی سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی مطالبہ کیا کہ ایسے مواد کو مکمل طور پر بند کیا جائے اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے لیے سخت قوانین متعارف کروائے جائیں۔
Ullu ایپ نے بجرنگ دل سے معذرت کرتے ہوئے تمام اقساط کو ہٹانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ واقعہ نہ صرف اجاز خان کے کیریئر کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے بلکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اخلاقی حدود کے حوالے سے بھی ایک سنگین سوالیہ نشان بن چکا ہے۔