شوبز

گلوکارہ شبنم مجید نے اداکاری سے کنارہ کشی کیوں اختیار کر لی تھی؟

شبنم مجید نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں متعدد بار فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کی پیشکش کی گئی، تاہم انہوں نے ہمیشہ گلوکاری کو ہی ترجیح دی

لاہور(شوبز ڈیسک)گلوکارہ شبنم مجید نے اداکاری سے کنارہ کشی کیوں اختیار کر لی تھی؟ پاکستانی موسیقی کی معروف آواز اور لالی ووڈ کی کئی فلموں میں گیتوں سے شہرت پانے والی گلوکارہ شبنم مجید نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں متعدد بار فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کی پیشکش کی گئی، تاہم انہوں نے ہمیشہ گلوکاری کو ہی ترجیح دی۔ شبنم مجید نے صرف 13 سال کی عمر میں اپنا پہلا فلمی گیت ریکارڈ کروایا، جو اداکارہ عتیقہ اوڈھو پر فلمایا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ مرحوم استاد نصرت فتح علی خان نے ان کی صلاحیتوں کو پہچانا اور انہیں اپنی سرپرستی میں گانے کا موقع دیا۔ بعد ازاں، لیجنڈری موسیقار رابن گھوش سمیت کئی نامور موسیقاروں اور ہدایت کاروں نے ان کے لیے موسیقی ترتیب دی، جس کے نتیجے میں ان کا کیریئر تیزی سے بلندیوں کو پہنچا۔

شبنم مجید نے انکشاف کیا کہ انہیں متعدد بار ڈراموں اور فلموں میں کام کی پیشکش ہوئی، جن میں معروف فلم ساز سید نور اور ہدایت کار پرویز ملک بھی شامل تھے۔ پرویز ملک کی جانب سے ایک ٹیلی فلم میں کام کی پیشکش قبول کرنے کے باوجود، شوٹنگ میں تاخیر اور ذاتی مجبوریوں کے باعث وہ سیٹ سے واپس آگئیں اور پھر اداکاری سے مکمل طور پر کنارہ کش ہو گئیں۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت ان کا بچہ چھوٹا تھا اور وہ اسے ساتھ لے کر سیٹ پر گئی تھیں، لیکن گھنٹوں انتظار کے باوجود شوٹنگ شروع نہ ہو سکی، جس پر وہ ہدایت کار سے معذرت کر کے واپس آگئیں اور فیصلہ کیا کہ گلوکاری ہی ان کا اصل میدان ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ یک طرفہ محبت پر یقین نہیں رکھتیں اور اسے وقت کا ضیاع سمجھتی ہیں۔ اپنی محبت کی شادی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے جس موسیقار سے محبت کی، اسی سے شادی کی، اور اب ان کے بچے جوان ہو چکے ہیں۔آخر میں شبنم مجید نے خوشخبری دی کہ وہ جلد ہی ایک میوزیکل ٹیلی فلم میں جلوہ گر ہوں گی، جس میں نئی نسل کے فنکاروں کو موسیقی کی دنیا میں درپیش چیلنجز اور مشکلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button