یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلاء نے تشدد کیوں کیا؟ تفصیلات آگئیں

کراچی (کھوج نیوز) کراچی کی سٹی کورٹ میں مشہور یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلاء نے تشدد کیوں کیا؟ اس حوالے سے تمام تر تفصیلات سامنے آگئی ، رجب بٹ کو طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال میں منتقل کر دیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی سٹی کورٹ میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلا کی جانب سے حملے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں رجب بٹ شدید زخمی ہوگئے، حملے کے باعث معروف یوٹیوبر کے جبڑے اور منہ سے خون بہنے لگا، جس کے بعد احاطہ عدالت میں ماحول کشیدہ ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ رجب بٹ عبوری ضمانت کے حصول کے لیے سٹی کورٹ کراچی میں پیش ہوئے تھے جہاں پیشی کے دوران اچانک وکلا کے ایک گروہ کی جانب سے ان پر حملہ کردیا گیا، تشدد کے باعث رجب بٹ زمین پر گرگئے، جس پر ان کے ساتھ آئے وکلا نے فوری انہیں اٹھایا اور رجب بٹ کو ابتدائی طبی امداد کیلئے لے جایا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ واقعے کے فورا بعد پولیس اور عدالتی عملے نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کیا تاہم حملے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں، نہ ہی وکلا تنظیموں کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف جاری کیا گیا، واقعے کے بعد سٹی کورٹ کے احاطے میں خوف و ہراس پھیل گیا، سائلین اور دیگر افراد کی جانب سے بھی واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔



