عابدہ پروین کے انتقال کی افواہیں، بیٹی میدان میں آگئیں

لاہور(شوبز ڈیسک) معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کے انتقال کی افواہوں پر ان کی بیٹی میدان میں آگئی ہے اور انہوں نے جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کوآڑے ہاتھوں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کی بیٹی نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی والدہ بالکل خیریت سے ہیں اور صحت مند ہیں۔ قعابدہ پروین کی بیٹی نے صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ لیجنڈری گلوکارہ کے انتقال کی خبریں سراسر غلط ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور کے علاقے دلگران چوک میں ایک خاتون کا انتقال ہوا تھا جس کا نام بھی عابدہ پروین تھا، جس کے باعث غلط فہمی پیدا ہوئی، یہ خبریں مکمل طور پر جھوٹی ہیں، میری والدہ کی وفات سے متعلق غلط اطلاعات پھیلا کر مداحوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ عابدہ پروین کی بیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف مستند اور قابلِ اعتماد ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔



