کرن جوہر ، سلمان خان کے آگے کیوں روئے؟ اندر کی بات سامنے آگئی

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے نامور ہدایتکار کرن جوہر سپر سٹار اداکار سلمان خان عرف دبنگ خان کے آگے کیوں روے؟ اس حوالے سے ماضی کے پنوں سے اندر کی بات سامنے آگئی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق بالی وڈ کے نامور ہدایتکار کرن جوہر نے انکشاف کیا ہے کہ ایک مرتبہ سپر اسٹار سلمان خان نے انہیں فلم کی شوٹنگ کے دوران رلا دیا تھا۔حال ہی میں کرن جوہر نے اپنے شو میں نیتی ، مکتی اور شکتی موہن کو مدعو کیا جس میں انہوں نے ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ فلم کچھ کچھ ہوتا ہے کے مشہور گانے ساجن جی گھر آئے کی شوٹنگ کے دوران وہ سلمان خان کی وینیٹی وین میں جاکر رو پڑے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ کچھ ہوتا ہے میری سلمان خان کے ساتھ پہلی فلم تھی اور چونکہ سلمان ایک بہت بڑے اسٹار تھے، اس لیے میں کافی گھبرایا ہوا تھا، ساجن جی گھر آئے کی شوٹنگ تیار تھی اور جب میں سلمان کی وینیٹی وین میں داخل ہوا تو انہوں نے ٹی شرٹ اور جینز پہنی ہوئی تھی۔
کرن جوہر کے مطابق میں نے سلمان کو کہا کہ آپ کو کپڑے تبدیل کرنا پڑیں گے کیونکہ یہ ایک شادی کا گانا ہے، اس پر سلمان خان نے بڑے آرام سے جواب دیا کہ ہاں لیکن اگر پہلی بار دولہا جینز اور ٹی شرٹ میں آئے تو یہ ایک نیا اسٹائل ہوگا، میں اس میں سویگ لے آؤں گا۔ہدایتکار نے کہا یہ سن کر میں پریشان ہو گیا کیونکہ سیٹ بہت شاندار تھا اور سلمان خان کی ہیروئن کاجول ایک لہنگا پہنے ہوئے تھیں، ایسے میں دلہا جینز اور ٹی شرٹ میں آ گئے تو کیا ہوگا۔



