دیدار اور ریشم کی جنگ، عظمیٰ بخاری بھی کود پڑیں

لاہور( شوبز ڈیسک) پاکستان کی مشہور و معروف اداکارہ دیدار اور ریشم کے درمیان چلنے والی جنگ میں وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری بھی کود پڑیں اور دونوں اداکارائوں کیلئے بڑا بیان داغ دیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ہماری تھیٹر کی اداکارہ نے فلم اسٹار ریشم کے حوالے سے کافی اخلاق سے گری ہوئی بات کی جس پر مجھے تکلیف ہوئی، آپ کسی پر تنقید کرسکتے ہیں اختلافات رکھ سکتے ہیں لیکن کسی خاتون کے کردار پر اس طرح کی گفتگو کرنا اور کسی کے خیراتی کاموں پر گفتگو کرنا مناسب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریشم خیراتی کام کرتی ہے، میں خود گواہ ہوں، پنجاب کے اسپتالوں سمیت حالیہ آنے والے سیلاب میں بھی کام کیا، ریشم کے خیراتی کام پر بھی تنقید کی گئی، یہ بدقسمتی کی بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک خاتون دوسری خاتون کے بارے میں سوشل میڈیا پر تضحیک آمیز بات کرے تو پھر یہ ہی کہتے ہیں کہ شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں کے گھروں میں پتھر نہیں مارتے،گزارش یہ ہی ہے کہ ایک دوسرے کی عزت کرنا سیکھیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اداکارہ دیدار نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اداکارہ ریشم پر منفی اور لوگوں کی زندگیاں خراب کرنے کا الزام لگایا تھا جس پر ریشم نے بھی ایک انٹرویو میں دیدار کا نام لیے بغیر انہیں خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ دونوں اداکاراؤں کے درمیان لفظی جنگ میں اب وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری سامنے آگئی ہیں۔



