اینٹی کرپشن کی کارروائی، بوگس رجسٹریاں بنوا کر شہریوں کو لوٹنے والے گینگ کا سرغنہ گرفتار
سابق انچارج مارکنگ برانچ میاں عباس محکمہ مال کے متعلقہ عملے کی ملی بھگت کر کے زمین یا پلاٹ کی بوگس رجسٹری تیار کر کے لوگوں سے فراڈ کرتا تھا
لاہور( فیض احمد) محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب لاہور ریجن اے کی بڑی کارروائی،سادہ لوح افراد کے خلاف جعلی دعوی دائر کرنے اور بوگس رجسٹریاں تیار کر کے شہریوں کے ساتھ فراڈ کرنے والے بڑے گینگ کا انکشاف ہوا ہے۔اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے کی ٹیم نے چھاپہ مار کر مرکزی ملزم سابق انچارج مارکنگ برانچ میاں محمد عباس کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اس گروہ میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سابق انچارج مارکنگ برانچ میاں عباس نے گروہ بنا رکھا ہے اور وہ اپنے گروہ کے ساتھ مل کر سادہ لوح افراد کے خلاف پہلے بوگس دعوی دائر کرتے اور خود ہی مذکورہ برانچ میں اس کی مارکنگ کر کے اندراج کر لیتے جس کے بعد محکمہ مال کے متعلقہ عملے کی ملی بھگت اور ان کے ساتھ ساز باز کر کے زمین یا پلاٹ کی بوگس رجسڑی تیار کر کے لوگوں کے ساتھ فراڈ کرتے تھے اور گروہ نے ایک عبدالسلام شیخ نامی شہری کے ساتھ بھی ایسا کیا جس پر اینٹی کرپشن پنجاب کو شکایت موصول ہوئی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے نے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن غضنفر طفیل کو انکوائری افسر مقرر کیا جنہوں نے اپنی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد سابق انچارج مارکنگ برانچ میاں محمد عباس کو اپنی انکوائری میں قصور وار قرار دے دیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کردی اور گذشتہ روز طارق کیانی نے اپنی ٹیم کے ساتھ چھاپہ مار کر ملزم میاں محمد عباس کو گرفتار کر لیا ہے ۔
جبکہ اس گروہ میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔واضع رہے اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے نے ایک ماہ قبل بھی لوگوں کی کروڑوں روپے مالیت کی آراضی اور پلاٹوں کی بوگس دستاویزات تیار کرکے فراڈ کرنے والے بڑے گروہ کو گرفتار کیا تھا جس میں محکمہ مال کے بعض افسر بھی شامل تھے جس کے بعد اب ایک بڑے گروہ کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔