بی آر ٹی پشاور پر سفر کرنے والوں کیلئے بڑی خبر آگئی
بی آر ٹی کا کرایہ 5 روپے بڑھانے سے 67 کروڑ کا اضافی ریونیو حاصل ہو گا جبکہ 10 روپے کرایہ بڑھانے سے ایک ارب 36 کروڑ روپے اضافی ریونیو حاصل ہو گاBRT Pashawar rent
پشاور(کھوج نیوز) بی آر ٹی پشاور پر سفر کرنے والوں کیلئے بڑی خبر آگئی ‘ بی آر ٹی پشاور کے اربوں روپے کے سالانہ خسارے پر قابو پانے کے لیے کرایہ بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے۔
تفصلات کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ بی آر ٹی پشاور کا سالانہ خسارہ 6 ارب روپے سے بڑھ گیا ہے اور خسارے پر قابو پانے کیلئے بی آر ٹی کا کرایہ بڑھانے سمیت دیگر آپشنز پر غور جاری ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ بی آر ٹی رائیڈرشپ میں اضافے کے باوجود ہر سال سبسٹدی بڑھ رہی ہے، حکومتی خزانے سے ہر مسافر کو 50 روپے سبسڈی دی جا رہی ہے، ایک مسافر سے 28 روپے کرایہ وصول کیا جا رہا ہے جبکہ خرچہ 80 روپے ہے۔
ذرائع کے مطابق بی آر ٹی کا ماہانہ بجلی اور ڈیزل کا خرچہ 20 کروڑ روپے سے زیادہ ہے، محکمہ خزانہ نے بی آر ٹی کو خسارے سے نکالنے کیلئے متعلقہ حکام سے مزید تجاویز مانگ لی ہیں۔ سرکاری ذرائع کا بتانا ہے کہ نگراں حکومت کو بی آر ٹی کا کرایہ بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی تاہم نگراں صوبائی حکومت نے کرایہ بڑھانے کا فیصلہ منتخب حکومت پر چھوڑ دیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اربن موبیلٹی اتھارٹی نے محکمہ خزانہ کو کرایہ بڑھانے کی تجویز پیش کی ہے اور بتایا ہے کہ بی آر ٹی کا کرایہ 5 روپے بڑھانے سے 67 کروڑ کا اضافی ریونیو حاصل ہو گا جبکہ 10 روپے کرایہ بڑھانے سے ایک ارب 36 کروڑ روپے اضافی ریونیو حاصل ہو گا۔