رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں کتنا اضافہ ہوا؟ رپورٹ آگئی
رواں ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.45 فیصد اضافہ ہوا' مہنگائی کی ہفتہ وار بنیادوں پر سالانہ شرح 21.69 فیصد ریکارڈ کی گئی: ادارہ شماریات کی رپورٹ
لاہور(کھوج نیوز) رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں کتنا اضافہ ہوا؟ اس حوالے سے ادارہ شماریات کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد حکومتی دعوؤں کا پھول کھل کر عوام کے سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں ہونے والے اضافے کے متعلق جاری رپورٹ میں بتایا ہے کہ رواں ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.45 فیصد اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی کی ہفتہ وار بنیادوں پر سالانہ شرح 21.69 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 19 اشیا مہنگی ہوئیں جبکہ 14 کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ رواں ہفتے کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت میں 33 روپے 39 پیسے اور ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 10 روپے 6 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ آلو کی فی کلو قیمت 2 روپے 36 پیسے بڑھی۔
رواں ہفتے کے دوران کیلے فی درجن 7 روپے 26 پیسے مہنگے ہو ئے جبکہ چکن کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 91 پیسے کا اضافہ ہوا۔ مصا لہ جات، گڑ ، سگریٹ، دال ماش بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ایک ہفتے میں ڈبل روٹی کی قیمت میں 3 روپے 5 پیسے کی کمی ہوئی، انڈے فی درجن 2 روپے 27 پیسے سستے ہوئے۔