غیر ملکی سائیکلسٹ سے بدسلوکی پر اے ایس آئی معطل
غیر ملکی سائیکلسٹ نے غصے میں اے ایس آئی پر اسپرے کردیا تھا جس پر اے ایس آئی نے غیرملکی سیاح کو تھپڑ مارا تھا: ڈی پی او
صادق آباد(نمائندہ کھوج نیوز) صادق آباد میں ڈی پی او نے غیر ملکی سائیکلسٹ سے بدسلوکی پر اے ایس آئی کو معطل کرتے ہوئے محکمہ جاتی کارروائی کا حکم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان میں ڈی پی او رضوان عمرگوندل نے واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ 3 غیرملکی سائیکلسٹ ہفتے کے روز سندھ سے رحیم یار خان کی حدود صادق آباد میں داخل ہوئے تو ایس او پی کے مطابق انہیں سکیورٹی فراہم کی گئی۔ ڈی پی او کے مطابق سائیکلسٹ اس بات پر بضد تھے کہ انہیں کوئی سکیورٹی نہ دی جائے، جس پر تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق غیر ملکی سائیکلسٹ نے غصے میں اے ایس آئی پر اسپرے کردیا تھا جس پر اے ایس آئی نے غیرملکی سیاح کو تھپڑ مارا تھا۔ نامناسب رویہ اپنانے پر متعلقہ پولیس اہلکار کو معطل کرکے اس کے خلاف مزید محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔