سوشل ایشوز

موسم میں تبدیلی اور حالیہ بارشیں، ڈینگی مچھر نے پھر سر اٹھانا شروع کر دیا

ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے شدید بیمار ہونے پر جھمرہ کی 19 سالہ منیراں بی بی کو الائیڈ ہسپتال لایا گیا جہاں پر ٹیسٹ کروانے پر ڈینگی بخار کی تصدیق ہوگئی

فیصل آباد(نمائندہ کھوج نیوز،آن لائن)موسم تبدیل ہونے اور حالیہ بارشوں کے باعث ڈینگی مچھر نے سر اٹھانا شروع کر دیا، ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے شدید بیمار ہونے پر جھمرہ کی 19 سالہ منیراں بی بی کو الائیڈ ہسپتال لایا گیا جہاں پر ٹیسٹ کروانے پر ڈینگی بخار کی تصدیق ہونے پر آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر کے علاج معالجہ شروع کر دیا گیا، محکمہ صحت نے ڈینگی کے خطرات کے پیش نظر ضلع بھر میں الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو حفاظتی وانسدادی اقدامات اٹھانے کی تاکید شروع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق رواں سال کے دوران اب تک ضلع بھر کے ہسپتالوں میں لائے جانے والے 14 افراد میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہو چکی ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث ڈینگی مچھر کی افزائش کے امکانات بڑھ گئے ہیں اور محکمہ صحت کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر انسدادی کارروائیوں کا عمل بھی جاری ہے۔ تاہم سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفندیار کا کہنا ہے کہ موجودہ موسم کے پیش نظر شہریوں کو چاہیے کہ وہ ڈینگی مچھر سے بچائو کیلئے انسدادی اقدامات کریں۔ گھروں اور چھتوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ کسی بھی جگہ پر پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ کمروں کی کھڑکیوں اور پردوں کی جھاڑ پونجھ کرتے رہیں۔ بالخصوص شام کے اوقات میں جسم کو ڈھانپ کر رکھیں کیونکہ ڈینگی بخار ایک سماجی بیماری ہے جس کا ہم سب نے مل جل کر مقابلہ کرتے ہوئے اس کو شکست دینی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button