پنجاب حکومت زرعی اراضی کےغیرضروری کمرشل استعمال روک دے گی؟
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قائم کردہ وزارتی کمیٹی کا اجلاس صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ہوا۔
لاہور(کھوج نیوز) پنجاب حکومت نے زرعی اراضی کے غیر ضروری طور پر کمرشل استعمال کو ریگولرائز کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس ضمن میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قائم کردہ وزارتی کمیٹی کا اجلاس صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ہوا۔ صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری قانون اور دیگر متعلقہ افسروں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی جانب سے وزارتی کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔
کمیٹی نے شہروں کے اردگرد زرعی اراضی کو تیزی سے ہاؤسنگ سوسائٹیز میں تبدیل کرنے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ذیلی کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا جو پنجاب بھر کا ڈیٹا پیش کریں گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ بڑھتی رہائشی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ زرعی رقبے کا دانشمندانہ استعمال بھی ضروری ہے۔ زرعی اراضی کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کو قانون کے دائرے میں لانا ضروری ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ شہروں کے علاوہ خالصتاً زرعی علاقوں میں بھی غیر منظور شدہ سکیمیں بن رہی ہیں۔ اس صورتحال سے نہ صرف زرعی پیدوار متاثر ہو رہی ہے بلکہ دیہات میں سیوریج کے پانی کے مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری کے میکانزم میں بہتری لانا ہوگی۔