کے پی کے حکومت کا کمال، نکاح نامے میں ختم نبوتۖ کا حلف لازمی قرار دیدیا
نکاح نامہ میں کیش، منقولہ وغیرمنقولہ جائیداد کی صورت میں حق مہر کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی اور نکاح نامے میں حلف ختم نبوت ۖ بھی لازمی قرار دیا گیا
خیبرپختونخوا(کھوج نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے مسلم فیملی لاز آرڈیننس میں ترامیم کرتے ہوئے نکاح نامے میں ختمِ نبوتۖ کا حلف لازمی قرار دے دیاہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ لوکل گورنمنٹ خیبر پختونخوا کے اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے مسلم فیملی لاز آرڈیننس میں ترامیم کی ہیں، ترامیم مسلم فیملی آرڈیننس کے سیریل نمبر 13 اور 25 میں کی گئی ہیں۔ نکاح نامہ میں کیش، منقولہ وغیرمنقولہ جائیداد کی صورت میں حق مہر کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی اور نکاح نامے میں حلف ختم نبوت ۖ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، دلہا اور دلہن دونوں ختم نبوت ۖ کا حلف دینے کے پابند ہوں گے۔ نکاح نامے پر دلہا، دلہن، دلہا و دلہن کے وکلا اور گواہان کیدستخط ہوں گے جبکہ نکاح نامے پر نکاح رجسٹرار کے دستخط اور مہر بھی لازمی قرار دیے گئے ہیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ خیبر پختونخوا داد خان نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے مسلم فیملی لاز آرڈیننس میں ترامیم کا فیصلہ کیا تھا، ترامیم نکاح خواں کی تعلیمی اہلیت سے متعلق تھیں۔