پٹواری کلچر ختم نہ ہوسکا، شیش محل پٹوار خانے کا منشی بے لگام، سائلین سے منہ مانگی رقم وصول کرنا ، گالیاں نکالنا معمول بنا لیا
موضع شیش محل میں پرائیویٹ منشی وارث عرصہ دراز سے اسی موضع میں ڈیوٹی کر رہا ہے اس موضع کے پٹواری تو تبدیل ہو جاتے ہیں لیکن یہ شخص یہاں پر رہتا ہے

لاہور(راشد سعید سے) صوبائی دارالحکومت میں پٹواری کلچرل ختم نہ ہوسکا، پٹوار خانوں میں تعینات پرائیویٹ منشی شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف، فرد برائے ریکارڈ، فرد برائے بیع، فرد برائے ہبہ، فرد برائے مختارعام ، مختار خاص سمیت دیگر کاموں کے عوض شہریوں سے بھاری رقم وصول کرنے لگے، منہ مانگی رقم نہ دینے پر شہری دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور، داد فریاد سننے والا کوئی نہیں، اعلیٰ افسران نے چپ سادھ لی۔
کھوج نیوز ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں تاحال پٹواری کلچرختم نہ ہوسکا جس کی بناء پر دیگر مواضعات میں تعینات پٹواریوں نے پرائیویٹ منشی رکھ کر ان کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جبکہ موضع شیش محل کے پرائیویٹ منشی وارث نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ موضع شیش محل میں پرائیویٹ منشی وارث عرصہ دراز سے اسی موضع میں ڈیوٹی کر رہا ہے اس موضع کے پٹواری تو تبدیل ہو جاتے ہیں لیکن یہ شخص یہاں پر رہتا ہے ۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس شخص کا طریقہ واردات یہ ہے کہ آنے والے نئے پٹواری کو شیشے میں اتار لیتا ہے اور فرد ، رجسٹری کے انتقالات سمیت دیگر کاموں کے لئے آنے والے شہریوں سے منہ مانگی رقم وصول کرتا ہے جبکہ اگر کوئی بھی شہری اس کو پیسے نہ دے اور اس کو قانونی کارروائی کا کہے تو یہ شخص آپے سے باہر ہو جاتا ہے جبکہ شہریوں کو گالیاں نکالنا اور ان سے بدتمیزی کرنا اس کا وطیرہ ہے اور یہ شخص دھڑلے و بدمعاشی کے ساتھ شہریوں سے منہ مانگی رقم وصول کرتا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ وارث نامی منشی نے فردوں سمیت ہر کام کے من مانے ریٹ مقرر کیے ہوئے ہیں جس کے مطابق فرد برائے بیع کے 25 سے 30 ہزار، فرد برائے ہبہ کے 10 ہزار، رجسٹریوں کے انتقالات کروانے کے عوض 10 ہزار روپے رشوت وصول کرتا ہے جبکہ یہ شخص ڈبل سٹوری مکان کی فرد سنگل سٹوری بنانے کے لئے منہ مانگی رقم بھی وصول کرتا ہے۔