رجسٹریشن برانچوں میں کرپشن کی ریس، اقبال ٹائون رجسٹری برانچ میں جعلی سب رجسٹرار کے ڈیرے، کرپٹ ٹولے کے آگے رجسٹری محرر کی بے بسی سوالیہ نشان؟
اسامہ نامی شخص جعلی سب رجسٹرار بن کر شہریوں کو لوٹنے لگا، رشوت نہ دینے پر سائلین کو سنگین نتائج کی دھمکیاں، ہارون عرف ہنی کا جعلی چالان بنا کر قومی خزانے کو کروڑوں کا ٹیکہ، نعیم نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھو لیے

لاہور(راشد سعید سے) پنجاب حکومت کے احکامات کھوہ کھاتے، صوبائی دارالحکومت میں قائم رجسٹریشن برانچوں میں کرپشن کی ریس ، رجسٹریاں کروانے کے لئے آن لائن سسٹم کا اندارج ہونے کے باوجود بھی گین ٹیکس، نقشہ فیس اور دیگر فیسوں کی مد میں حکومت پنجاب کو کروڑوں کا ٹیکہ، رجسٹری برانچ علامہ اقبال ٹائون نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ کر سب کو پیچھے چھوڑ دیا، افسران نے منتھلیاں لے کر چپ سادھ لی۔
کھوج نیوز ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے کرپشن ، جعل سازی اور فراڈ کی روک تھام کے لئے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں جن میں سے ایک مکانوں، دکانوں اور اراضی کی رجسٹریوں کے لئے مینول طریقے کو ختم کر کے آن لائن کر دیا گیا تھا لیکن فراڈیوں اور جعل سازوں نے اس میں بھی کرپشن کرنے کے لئے نئے طریقے دریافت کر کے کروڑوں روپے کمانا شروع کر دیئے ۔ ذرائع نے بتایا ہے علامہ اقبال ٹائون رجسٹریشن برانچ میں جعلی سب رجسٹرار اسامہ ، نعیم اور ہارون عرف ہنی نے کرپشن کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں یہ تینوں افراد علامہ اقبال ٹائون رجسٹریشن برانچ میں فرعون بنے ہوئے ہیں جبکہ رجسٹری محرر وقار اس کرپشن مافیا کے آگے بے بس نظر آتے ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ سب رجسٹرار اسامہ امانت نے پرائیویٹ جعلی سب رجسٹرار اسامہ عرف ڈیڑھ فوٹیا کو تعینات کیا ہوا ہے جو کہ ای رجسٹریشن کے لئے برانچ میں آنے والے سائلین سے فی کس رجسٹری بیانات کے عوض 10ہزار سے 15ہزار روپے رشوت وصول کرتا ہے اور رشوت نہ دینے والے سائلین کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے ساتھ ساتھ ان کو روزانہ کی بنیاد پر چکر لگواتا ہے اور گھنٹوں انتظار کروانے کے بعد ان کو اگلے دن پھر آنے کا کہہ دیتا ہے ۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس جعلی سب رجسٹرار نے کرپشن اور فراڈ کر کے کروڑوں روپے کے اثاثے بنا لیے ہیں ۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ جعلی سب رجسٹرار اسامہ نے اپنا بھائی ہارون عرف ہنی کو بھی اسی برانچ میں تعینات کروایا ہے جو کہ گین ٹیکس، نقشہ فیس، ود ہولڈنگ ٹیکس سمیت دیگر کے فیسوں کو بینک میں جمع کروانے کی بجائے جعلی چالان بنا کر بینک کی جعلی مہریں لگا کر رجسٹریاں جمع کروا دیتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کرپٹ ٹولے کا تیسرا ساتھی نعیم نامی شخص بھی ان کے ساتھ ملا ہوا ہے یہ اس برانچ میں عرصہ دراز سے تعینات ہے اور آنے والے سائلین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جعلی سب رجسٹرار اسامہ اور اس کے ٹولے سے تنگ آ کر ایک سائل نے ان کے خلاف ڈی سی آفس میں درخواست دی تھی لیکن تعلق اور بھاری رشوت کے بل بوتے پر اس ٹولے کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہ سکی اور درخواست کو کھڈے لائن لگا دیا گیا۔
علامہ اقبال ٹائون رجسٹری محرر کے ساتھ جب کھوج نیوز کے نمائندہ نے بات کی تو انہوں نے اپنے مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ مجھے ان کی کرپشن کا کوئی علم نہیں اور ویسے بھی میں ایک شریف آدمی ہوں اور میرا اس ٹولہ کے خلاف کوئی جوڑ نہیں ہے۔
کھوج نیوز کے نمائندے نے جب سب رجسٹرار اسامہ امانت سے فون نمبری 0300-0404545پر رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہاں پر تعینات ہوئے ابھی 5ماہ ہوئے ہیں میرا اسامہ عرف ڈیڑھ فوٹیا سے کوئی تعلق نہیں ہے میں نے اس کو نہیں رکھا یہ میرے آنے سے پہلے کام کر رہا ہے ۔
کھوج نیوز کے نمائندے سے جب جعلی سب رجسٹرار اسامہ عرف ڈیڑھ فوٹیا سے فون نمبری 0311-4003123 پر متعدد بار رابطہ کیا تو انہوں نے فون نہیں اٹھایا۔