پنجاب حکومت کا ماہ رمضان کے لیے بڑا پلان تیار ،کس کے خلاف شکنجہ سخت کرنے کی تیاری
چیف سیکرٹری پنجاب کی ماہ رمضان میں اشیا کی قیمتوں کی مانیٹرنگ کیلئے بیس لائن ڈیٹا تیار کرنے کی ہدایت ، گرانفروشوں، ذخیرہ اندوزوں کیساتھ سختی کرنے کا فیصلہ

لاہور(کھوج نیوز)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ڈویژنل کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس ہو ا جس میں وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ماہ رمضان میں اشیا کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب حکومت متحرک ہو گئی ہے ۔چیف سیکرٹری پنجاب کی ماہ رمضان میں اشیا کی قیمتوں کی مانیٹرنگ کیلئے بیس لائن ڈیٹا تیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماہ مقدس کے دوران اشیا کی قیمتوں کا موازنہ بیس لائن ڈیٹا سے کیا جائیگااس کے علاوہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔
چیف سیکرٹری کا اجلاس میں شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک کیا جائے۔اس کے علاوہ اشیا کی قیمتوں کیساتھ طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔ پھلوں، سبزیوں سمیت کسی بھی شے کی قلت نہیں ہونی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ گرانفروشوں، ذخیرہ اندوزوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
اس اجلاس میں تمام ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔