نوجوان ڈاکٹرز کی ہڑتال ، مریض بے یارومددگار
سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کے خلاف نوجوان ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کی ہڑتال پندرھویں روز بھی جاری ہے

لاہور(کھوج نیوز) سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کے خلاف نوجوان ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کی ہڑتال پندرھویں روز بھی جاری ہے ، جس کے باعث لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز بند ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لاہور کے بڑے اسپتالوں جیسے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، جنرل اسپتال، جناح اسپتال اور سر گنگا رام اسپتال میں مکمل ہڑتال کی گئی، جبکہ دیگر تدریسی اسپتالوں میں جزوی ہڑتال دیکھنے میں آئی۔صورتحال سب سے زیادہ سنگین لاہور جنرل اسپتال میں بنی، جہاں نوجوان ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس نے او پی ڈی کے تمام کمرے تالے لگا کر بند کر دیے۔ کچھ مریضوں کے لواحقین کی جانب سے علاج کی درخواست پر مظاہرین نے ان سے بدسلوکی بھی کی، جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوا۔
انتظامیہ کی جانب سے بار بار انتباہ کے باوجود ڈاکٹرز اور دیگر ملازمین نے ڈیوٹی سے انکار کر دیا۔ دوسری جانب احتجاجی ملازمین نے مال روڈ پر بھی دھرنا دیا، جہاں وہ دن رات پنجاب اسمبلی کے سامنے کیمپ لگا کر بیٹھے ہیں۔ سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن(وائی ڈی اے)نے واضح کیا ہے کہ جب تک ان کے جائز مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔