سوشل ایشوز

نوجوان ڈاکٹروں کا بڑا اعلان، حکومت پریشان

وائی ڈی اے نے حکومت پنجاب پر دباؤ ڈالنے کے لیے اعلان کیا کہ وہ صوبے کے سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کے فیصلے کے خلاف لاہور کی اہم سڑکوں پر دھرنے دے گی

لاہور (کھوج نیوز )جیسے ہی لاہور میں جمعرات کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے کرکٹ میچز کا آغاز ہوا، نوجوان ڈاکٹروں کی تنظیم (وائی ڈی اے) نے شہر کو بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ وائی ڈی اے نے حکومت پنجاب پر دباؤ ڈالنے کے لیے اعلان کیا کہ وہ صوبے کے سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کے فیصلے کے خلاف لاہور کی اہم سڑکوں پر دھرنے دے گی۔

وائی ڈی اے پنجاب کے صدر ڈاکٹر شعیب نیازی کا کہنا ہے کہ 18 دن سے اسپتالوں کے ملازمین احتجاج کر رہے تھے لیکن حکومت نے ان کی کوئی بات نہ سنی، جس پر ہمیں یہ سخت فیصلہ لینا پڑا ہے ۔ڈاکٹر نیازی نے خبردار کیا کہ اگر مظاہرین کو زبردستی ہٹانے کی کوشش کی گئی تو وہ پنجاب بھر کے سرکاری اسپتال بند کر دیں گے اور مریضوں کو علاج فراہم نہیں کریں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آج تمام بڑی سڑکیں بند کر دی جائیں گی جن میں جیل روڈ، فیروز پور روڈ اور میو اسپتال جانے والی سڑک شامل ہیں۔ اسی طرح شیخ زید اسپتال، جناح اسپتال اور گنگا رام اسپتال کی طرف جانے والے راستے بھی بند کیے جائیں گے۔

وائی ڈی اے کے ایک اور رہنما ڈاکٹر سلمان حسیب نے میڈیا کو بتایا کہ جمعے کو صبح 11 بجے سے سڑکیں بند کر دی جائیں گی اور مظاہرین چیئرنگ کراس سے وزیر اعلی سیکریٹریٹ تک مارچ کریں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی مظاہرین کو گرفتار کیا گیا تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔

دوسری طرف، پولیس حکام نے صورت حال کا جائزہ لیا اور سیکیورٹی سخت کر دی تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ لاہور پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ پی ایس ایل ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے 10 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کے اردگرد چار سطحی سیکیورٹی نظام نافذ کیا گیا ہے، جس میں ڈولفن فورس، پولیس ریسپانس یونٹ، اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی شامل ہے۔ اس کے علاوہ، پولیس اسنائپرز کو مخصوص عمارتوں کی چھتوں پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر نظر رکھی جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button