تعلیمی سرگرمیاں کب سے بحال ہوں گی ؟حکومت نے اعلان کر دیا
پنجاب کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے پیر 12 مئی سے دوبارہ کھل رہے ہیں

لاہور(کھوج نیوز)پنجاب کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے پیر 12 مئی سے دوبارہ کھل رہے ہیں۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں معمول کے مطابق اپنی تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کریں ۔
تعلیمی اداروں کو 7 مئی کو اس وقت عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا جب بھارتی ڈرون حملوں کے باعث پنجاب اور آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی خدشات پیدا ہو گئے تھے۔ صورت حال کے پیش نظر محکمہ تعلیم نے پورے صوبے میں کلاسز معطل کر دی تھیں۔وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ طلبہ اور اساتذہ کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اب جب کہ سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہو چکی ہے، تعلیمی سرگرمیوں کو مزید تاخیر کے بغیر بحال کیا جا رہا ہے۔
حملوں کے باعث پنجاب بھر میں ہونے والے اہم تعلیمی بورڈز کے امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے تھے۔ لاہور، ملتان اور دیگر شہروں کے تعلیمی بورڈز نے قرآن ترجمہ، اخلاقیات اور مختلف عملی مضامین کے امتحانات روک دیے تھے۔بی آئی ایس ای لاہور کے کنٹرولر امتحانات کا کہنا ہے کہ ملتوی شدہ پرچوں کی نئی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ دیگر بورڈز کی جانب سے بھی اسی قسم کے بیانات جاری کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ امتحانات کی نئی تاریخیں سرکاری ذرائع سے جلد جاری کر دی جائیں گی۔