بیٹوں نے 90سالہ باپ کی حیران کن خواہش پوری کر دی
90 سالہ بزرگ مولانا سیف اللہ نے اپنی دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے دوسری شادی کرلی، جس کا اہتمام ان کے بیٹوں کی جانب سے کیا گیا

سوات (کھوج نیوز) صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقہ سوات سے تعلق رکھنے والے 4بیٹوں نے مل کر اپنے 90سالہ باپ کی حیران کن خواہش پوری کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں ضلع شانگلہ کے علاقے بشام شنگ میں 90 سالہ بزرگ مولانا سیف اللہ نے اپنی دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے دوسری شادی کرلی، جس کا اہتمام ان کے بیٹوں کی جانب سے کیا گیا کیوں کہ مولانا سیف اللہ نے بیوی کے انتقال کے بعد دوبارہ شادی کرنے کی شدید خواہش کا اظہار کیا، جس پر ان کے چاروں بیٹوں نے ان کی خواہش پوری کرنے کا فیصلہ کیا۔
مولانا سیف اللہ کے بیٹوں کا کہنا ہے کہ والدہ کے انتقال کے بعد والد خود کو تنہا محسوس کرتے اور کبھی کبھار دوبارہ شادی کی خواہش کا اظہار کرتے تھے، ہمارے والد ایک امام مسجد رہے ہیں اور انہوں نے اپنی زندگی ہماری پرورش کے لیے وقف کردی اس لیے ہم خود کو خوش نصیب سمجھتے ہیں کہ ان کی دیرینہ خواہش پوری کرسکے جس کے نتیجے میں والد کو ایک نئی شریکِ حیات مل گئیں۔
بتایا گیا ہے کہ مولانا سیف اللہ کے چار بیٹے شریف اللہ، شفیع اللہ، رفیع اللہ اور عبداللہ ہیں جو سب سعودی عرب میں کام کرتے ہیں، انہوں نے مل کر اپنے والد کے لیے پہلے رشتہ تلاش کیا اور ایک تولہ سونا حق مہر کے ساتھ یہ شادی انجام پائی، شادی کی تقریب میں مولانا سیف اللہ کے پوتوں، پڑپوتوں اور ان کے پڑپوتوں کے بچوں نے بھی شرکت کی اس کے علاوہ محلے دار اور مقامی افراد بھی تقریب میں موجود تھے، انتہائی سادگی سے منعقد کی جانے والی اس تقریب نے سب کی توجہ حاصل کرلی اور یہ خاندانی یکجہتی کی ایک منفرد مثال بن گئی۔



