کھیل

امام الحق کی دلہن کے زیب تن کیے گئے لباسوں کی قیمت کیا تھی؟ بڑی خبر آگئی

ایک جوڑے کی قیمت 15 لاکھ 50 ہزار روپے' دوسرے لباس کی قیمت 8 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ تیسرے لباس کی قیمت 17لاکھ روپے بتائی جاتی ہے

لاہور(کھوج نیوز) حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق کی دلہن انمول محمود کے شادی کی تقریبات پر پہنے گئے دیدہ زیب لباس ان دنوں سوشل میڈیا پر گفتگو کا محور بنے ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز 26 نومبر کو امام الحق اور انمول محمود کے ولیمے کی تقریب لاہور میں ہوئی جس میں کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم سمیت کئی معروف کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ کرکٹر کی شادی کی تقریبات کا آغاز 21 نومبر منگل کو ناروے میں مہندی کی تقریب سے ہوا تھا جس میں انمول نے معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائی)کا جوڑا زیب تن کیا۔ اس جوڑے کی قیمت 15 لاکھ 50 ہزار روپے تھی جو کہ سرخ ، نارنجی اور سنہرے رنگ کا تھا۔ امام الحق اور انمول کے لیے 23 نومبر کو لاہور میں قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں بھی سابق اور موجودہ کھلاڑیوں نے شرکت کی، اس تقریب میں امام الحق استاد نصرت فتح علی خان کی قوالی گنگناتے دکھائی دیے۔ انمول محمود نے قوالی نائٹ کے لیے بھی حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائی) کا انتخاب کیا اور سِلور رنگ کی میکسی پہنی جب کہ امام الحق نے اس تقریب کے لیے سیاہ رنگ کا کرتا پاجامہ منتخب کیا۔ جب حسن شہریار یاسین کی ٹیم سے اس جوڑے کی قیمت جاننے کے لیے رابطہ کیا تو انہوں نے اس لباس کی قیمت 8 لاکھ 50 ہزار روپے بتائی۔ 26 نومبر کو لاہور میں ہی ولیمے کی تقریب ہوئی جس کی تصاویر فوٹو گرافر عزہ شاہین ملک نے شیئر کیں۔ اس کے علاوہ کچھ اور ویڈیو اور تصاویر بھی سامنے آئیں۔ انمول نے ولیمے پر ‘لاجونتی’ نامی برانڈ کا جوڑا پہنا، اس لباس کی قیمت جاننے کے لیے جیو ویب نے جب ڈیزائنر سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس کی قیمت 17 لاکھ روپے بتائی۔سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انمول محمود کے جوڑے کافی پسند کیے جارہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button