کھیل

انگلینڈ کو 229 کےبڑے مارجن سےجنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست

وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم 400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 170 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ممبئی(سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023ء کے 20ویں میچ میں جنوبی افریقا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 229 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم 400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 170 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ انگلینڈ کی طرف سے ریس ٹوپلی نے بیٹنگ نہیں کی، یوں دفاعی چیمپئن نے 22 اوورز میں 9 وکٹ پر 170 رنز پر اننگز ختم کردی۔

انگلینڈ کے مارک ووڈ 43 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، اٹکنس 35، ہیری بروک 17 اور کپتان جوز بٹلر 15 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔ جنوبی افریقا کے جیرالڈ کوٹزی 3، لونگی نگیڈی اور مارکو جانسن نے 2، 2 وکٹ حاصل کیں۔ اس سے قبل جنوبی افریقا نے انگلش ٹیم کی طرف سے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر 50 اوورز میں 7 وکٹ پر 399 رنز بنائے اور 400 رنز کا ہدف سیٹ کیا ۔

جنوبی افریقا کی طرف سے ہینرک کلاسن 109، ریزا ہینڈرکس 85، راسی وین ڈیر ڈوسن 60، کپتان ایڈن مارکرم42 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ مارکو جانسن 75 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ انگلینڈ کی طرف سے ریس ٹوپلی نے 3، اٹکنسن اور عادل رشید نے 2، 2 وکٹ اپنے نام کیے۔ ایونٹ میں دونوں ٹیموں نے اپنا چوتھ میچ کھیلا، جنوبی افریقا 3 میچز میں فاتح جبکہ ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری طرف انگلینڈ کو 3 میچز میں ناکامی اور ایک میچ میں کامیابی ملی ہے۔ جنوبی افریقا نے سری لنکا ، آسٹریلیااور انگلینڈ کومات دی اور اسے نیدرلینڈز نے شکست دی، یوں ورلڈ کپ کی پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔ دوسری طرف انگلینڈ کو نیوزی لینڈ، افغانستان اور جنوبی افریقا نے شکست دی جبکہ اسے صرف بنگلادیش کے خلاف فتح ملی ہے، یوں دفاعی چیمپئن پوائنٹس ٹیبل پر 2 پوائنٹ کے ساتھ 9 ویں نمبر پر ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button