کھیل

ایشیاء کپ ملتوی ہوگا یا نہیں؟ اے سی سی کا نیا مؤقف سامنے آگیا

دبئی میں ہونیوالی میٹنگ میں پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے، لیکن ایشیا کپ کو ملتوی کرنے پر کوئی گفتگو یا تجویز پیش نہیں کی گئی : اے سی سی بورڈ ذرائع

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایشین کرکٹ کونسل(اے سی سی)کے ذرائع نے ایشیا کپ کے ملتوی ہونے اور اسی وقت دبئی میں پاکستان کے بغیر ٹورنامنٹ کے انعقاد سے وابستہ میڈیا کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اراکین ممالک کو ایسی کوئی تجویز نہیں بھیجی ہے ۔ پاکستان کی میڈیا کی ایک خبر میں دعوی کیا گیا ہے کہ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نیوٹرل وینیو پر ایشیا کپ کھیلنے کیلئے راضی نہیں ہوتا ہے تو ملک سے ٹورنامنٹ کی میزبانی واپس لی جاسکتی ہے ۔ ون ڈے فارمیٹ میں ہونے والے 2023 ایشیا کپ کی میزبانی کے حقوق پی سی بی کے پاس ہیں، لیکن ہندوستانی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے سکریٹری اور اے سی سی صدر جے شاہ نے واضح کیا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم پاکستانی نہیں جائے گی۔

پی سی بی نے ایشیا کپ کی میزبانی کیلئے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز پیش کی ہے، جہاں پاکستان اپنے مقابلے گھریلو سرزمین پر کھیلے گا جبکہ ہندوستان نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا ، جس کے دبئی ہونے کا امکان ہے ۔ پتہ چلا ہے کہ بی سی سی آئی چاہتا ہے کہ پورا ٹورنامنٹ 2018ء اور 2022ء کی طرح یو اے ای میں کھیلا جائے، جہاں دبئی، شارجہ اور ابو ظہبی میں تین میدان ہیں۔ ایشیا کپ 2018ء کا میزبان ہندوستان جبکہ 2022ء کے ٹورنامنٹ کا میزبان سری لنکا تھا ۔

دبئی میں آئی سی سی کی میٹنگ سے ہٹ کر ہوئی گفتگو کی جانکاری رکھنے والے اے سی سی بورڈ کے ایک رکن نے پی ٹی آئی کو نام ظاہر نہیں کرنے کی شرط پر بتایا کہ پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے، لیکن ایشیا کپ کو ملتوی کرنے پر کوئی گفتگو یا تجویز پیش نہیں کی گئی ۔ ذرائع نے کہا کہ دوسری بات اگر ایشیا کپ رد ہوتا ہے تو پہلے پی سی بی کو مطلع کیا جائے گا ۔ اب تک ایسا کچھ نہیں ہوا ہے ۔ اے سی سی صدر نے اب تک کوئی بھی آفیشیل فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ ٹورنامنٹ کو ملتوی یا رد کرنے کیلئے اے سی سی کو ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ بلانی ہوگی ۔ صدر سات دن میں میٹنگ (ورچوئل یا آف لائن)بلا سکتا ہے ۔ اب تک ایسی کسی میٹنگ کے بارے میں مطلع نہیں کیا گیا ہے۔ اے سی سی ذرائع نے کہا کہ جہاں تک انہیں جانکاری ہے کہ پی سی بی، اے سی سی اور بی سی سی آئی کے درمیان گزشتہ آفیشیل ای میل میں ہندوستانی ٹیم کو دعوت نامہ بھیجا گیا تھا، جس میں بہترین سیکورٹی انتظامات اور مہمان نوازی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button