بابراعظم نےآئی سی سی ٹی ٹوئینٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی ٹرافی کو ہدف بنالیا
بابراعظم نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کا محض ایک مقصد ہے اور وہ ورلڈکپ جیتنا ہے
نیویارک(سپورٹس ڈیسک)بابراعظم نےآئی سی سی ٹی ٹوئینٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی ٹرافی کو ہدف بنالیا۔بابراعظم نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کا محض ایک مقصد ہے اور وہ ورلڈکپ جیتنا ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے شکوہ کیا ہے کہ اکثر تاثر دیا جاتا ہے کہ اپنے لیے کھیلتے ہیں ایسا بالکل نہیں ہے، قیادت سنبھالنے کے بعد ذاتی اہداف پیچھے جاتے ہیں ٹیم پہلے ہوتی ہے۔ بابراعظم نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کا محض ایک مقصد ہے اور وہ ورلڈکپ جیتنا ہے۔ بحیثیت کپتان ٹی20 ورلڈکپ کا سیمی فائنل اورفائنل کھیل چکا ہوں تاہم اب ٹرافی اٹھانا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ کا پریشر یکسر مختلف ہوتا ہے، صرف کھلاڑی ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے شائقین میں زبردست جوش وخروش دیکھنے کو ملتا ہے، آئی سی سی ایونٹ میں آپ کو صرف اس ایک میچ پر توجہ نہیں دینی ہوتی ہے بلکہ اس میں دوسری ٹیمیں بھی ہوتی ہیں اور اگر آپ کو چیمپئن بننا ہے تو تمام ٹیموں کو ہرانا پڑتا ہے۔
بابراعظم نے کہا کہ ٹی20 ورلڈکپ کا شیڈول اچھا ہے، امریکہ میں چونکہ پہلی بار یہ ایونٹ ہورہا ہے اس لیے وہاں ڈراپ ان پچز ہونگی، مختلف گراؤنڈز، مختلف ماحول ہوگا۔ یہ پوری ٹیم کیلئے ایک نیا تجربہ ہے، کنڈیشنز کا زیادہ پتہ نہیں لیکن ہم ایونٹ سے پہلے خود کو ڈھالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
کپتان نے بیٹنگ کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسٹرائیک ریٹ پر بہت زیادہ بات ہوتی رہی ہے، جب انہیں یہ احساس ہوا کہ اسٹرائیک ریٹ بہتر ہونا چاہیے تو انہوں نے اس پر کافی کام کیا۔ اصل میں یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ سچوئیشن کیا ڈیمانڈ کررہی ہے۔
بابراعظم نے اپنے پرستاروں کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی کامیابی کیلئے دعا کریں، ہماری طرف سے پوری کوشش ہوگی کہ ہم 100 فیصد پرفارمنس دیکر پاکستان کا جھنڈا بلند کریں۔