کھیل

سڈنی ٹیسٹ، عامر جمال کی شاندار بیٹنگ، قومی ٹیم 313رنز پر ڈھیر

شان مسعود 35 اور بابر اعظم 26' محمد رضوان 88' سلمان علی آغا 53رنز جبکہ عامرجمال نے 82رنز کی شاندار اننگز کھیلی

سڈنی (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں قومی کرکٹ کا ٹیسٹ جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ درست ثابت نا ہوا اور پوری ٹیم 313 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق سڈنی میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میچ کا ٹاس پاکستان کے کپتان شان مسعود نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے کے لیے آنے والے دونوں ہی اوپننگ بیٹر عبداللہ شفیق اور انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ عبداللہ شفیق 2 گیندیں کھیلنے کے بعد مچل اسٹارک کی گیند پر بغیر کوئی رنز بنائے اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ صرف 2 ہی گیندیں کھیلنے کے بعد صائم ایوب بھی ہیزل وڈ کی گیند پر وکٹ کیپر ہاتھوں میں کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔ شان مسعود 35 اور بابر اعظم 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ پاکستان کو پانچواں نقصان سعود شکیل کی صورت میں ہوا جو 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، 5 وکٹیں جلد گرنے کے بعد محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 190 کے مجموعے پر رضوان 88 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔

ساجد خان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی چھٹی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 53 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ حسن علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ نو وکٹیں گرنے کے بعد عامر جمال نے میر حمزہ کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور نویں وکٹ کی شراکت میں عامر جمال اور میر حمزہ نے 86 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور پاکستان کا اسکور 313 رنز تک پہنچایا۔ عامر جمال نے 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر نتھین لائن کا شکار بنے، انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی نصف سنچری اسکور کی۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مچل اسٹارک کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، ایک ایک کھلاڑی کو جوش ہیزل ووڈ، مچل مارش اور ناتھن لیون نے آؤٹ کیا۔ یوں سڈنی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی ٹیم 77 اوورز ہی کھیل سکی اور 313 رنز پر ڈھیر ہوگئی جبکہ آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور پہلے روز کا کھیل ختم ہونے پر کینگروز صرف ایک اوور ہی کھیل سکے اور بغیر کسی نقصان کے 6 رنز بنا لیے۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون سے امام الحق کو ڈراپ کیا گیا ہے جبکہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو آرام دینے کی غرض سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، ان دونوں کے متبادل کے طور پر نوجوان کھلاڑیوں صائم ایوب اور ساجد خان کو جگہ ملی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button