میلبورن ٹیسٹ، پاکستانی بائولروں نے انوکھا ریکارڈ اپنے نام کرلیا
ٹیسٹ میں پاکستانی بائولروں نے بدقسمتی سے ایکسٹراز کی صورت میں مجموعی طور پر پہلی اننگز میں کینگروز کو 52 اضافی رنز فراہم کیے، جو تاریخی گراؤنڈ پر ایک اننگز میں ریکارڈ ہے
میلبورن( سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے میلبورن ٹیسٹ میں پاکستان بائولروں نے انوکھا ریکارڈ اپنے نام کر کے شائقین کرکٹ کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میلبورن میں کھیلی جانے والی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بائولروں نے کھیل کے دوسرے روز شاندار کم بیک کیا اور آسٹریلوی ٹیم کو محض 131 کے اضافے کے بعد پویلئین کی راہ دکھائی جب کہ اس دوران بولرز نے 7 بھی وکٹیں حاصل کیں۔ ٹیسٹ میں پاکستانی بائولروں نے بدقسمتی سے ایکسٹراز کی صورت میں مجموعی طور پر پہلی اننگز میں کینگروز کو 52 اضافی رنز فراہم کیے، جو تاریخی گراؤنڈ پر ایک اننگز میں ریکارڈ ہے۔
واضح رہے کہ میلبرن ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 318 رنز بناکر ڈھیر ہوئی جب کہ پاکستان نے دوسرے روز کے اختتام تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے ہیں۔ اوپنر عبداللہ شفیق 62، کپتان شان مسعود 54 اور امام الحق 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سعود شکیل 9، آغا سلمان 5 اور بابر اعظم 1 وکٹ کھو بیٹھے۔ اس کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور عامر جمال بالترتیب 29 اور 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں، دونوں کھلاڑی اگلے روز سے کھیل کا آغاز کریں گے۔