ورلڈ کپ، جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو آسانی 134رنز سے شکست دیدی
جنوبی افریقا کے 312 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری آسٹریلوی ٹیم 41 ویں اوور میں 177 رنز پر ڈھیر ہوگئی
لکھنو(سپورٹس ڈیسک، مانیٹرنگ ڈیسک) آئی سی سی ورلڈکپ کے دسویں میچ میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو با آسانی 134 رنز سے شکست دے کر سب کو حیران کر کے رکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کے 312 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری آسٹریلوی ٹیم 41 ویں اوور میں 177 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ رواں ورلڈکپ میں جنوبی افریقا کی یہ مسلسل دوسری کامیابی جبکہ آسٹریلیا کی مسلسل دوسری شکست ہے۔ لکھنو کے بھارت رتن شری اٹل بہاری واجپائی ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے، ڈی کوک 109 اورایڈم مارکرم 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، کوئٹزی کی جگہ تبریز شمسی کو شامل کیا گیا جبکہ آسٹریلیا نے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کیں، کیمرون گرین اور ایلکس کیری کی جگہ مارکس اسٹوئنس اور جوش انگلس کو شامل کیا گیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹر کوئنٹن ڈی کوک اور کپتان ٹیمبا باووما نے کیا،دونوں کے درمیان 108 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر باووما 20 ویں اوور میں گلین میکسویل کی گیند پر35 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ جنوبی افریقا کو دوسرا نقصان وین ڈر ڈوسن کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 26 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ دو وکٹیں گرنے کے بعد کوئنٹن ڈی کوک اور مارکرم نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور گرانڈ کے چاروں اطراف دلکش شاٹس لگائے، اس دوران ڈی کوک نے رواں ورلڈکپ میں مسلسل دوسری سنچری بنائی تاہم ڈی کوک 109 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ مارکرم نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ کلاسن نے 29 ، ڈیوڈ ملر نے 17 اور مارکو جینسن نے 26 رنز بنائے، یوں جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کینقصان پر 311 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک، گلین میکسویل نے 2،2 جبکہ ہیزل ووڈ، کمنز اور زیمپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقا کے 312 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا، کوئی بھی بیٹر افریقی بولرز کی شاندار بولنگ کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔ ہدف کے تعاقب میں 70 کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کے 6 بیٹرز پویلین لوٹ چکے تھے، مچل مارش 7، ڈیوڈ وارنر 13، اسٹیو اسمتھ 19، جوش انگلس 5، میکسویل 3 اور اسٹوئنس 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ایسے میں مارنس لبوشین نے جنوبی افریقی بولرز کے سامنے تھوڑی مزاحمت کی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو جیت نہ دلواسکے اور 46 رنز پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ اس کے علاوہ مچل اسٹارک 27، کپتان پیٹ کمنز 22، زیمپا نے 11 رنز بنائے، یوں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 41 ویں اوور میں 177 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے رباڈا نے8 اوورز میں 33 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آٹ کیا جبکہ مارکو جینسن ، کیشو مہاراج اور تبریز شمسی نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔