کھیل

ورلڈ کپ، کیچ چھوڑنا مہنگا پڑ گیا، میکسویل نے افغانستان کے جبڑوں سے فتح چھین لی

میکسویل کی 128 گیندوں پر 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

ممبئی(کھوج نیوز) ورلڈ کپ کے 39 ویں میچ میں آسٹریلوی بیٹسمین گلین میکسویل نے ناقابل یقین بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کے جبڑوں سے فتح چھین کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق میکسویل کی 128 گیندوں پر 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ گلین میکسویل کی 201 رنز کی اننگز کو ون ڈے کرکٹ کی بہترین اننگز کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ 91 رنز کے مجموعی اسکور پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد میکسویل نے ٹانگ میں تکلیف کے باوجود اکیلے ہی گراؤنڈ میں چھکے چوکے مارے اور افغان بولرز کا بھرکس نکال دیا۔ میکسویل کی 201 رنز کی اننگز میں 10 چھکے اور 21 چوکے شامل تھے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں افغانستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 291 رنزبنائے، ابراہیم زدران 129 رنزبناکر ناقابل شکست رہے۔ ابراہیم زدران ورلڈکپ میں افغانستان کی جانب سے سنچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹر بن گئے۔ اس کے علاوہ رحمت شاہ 30 اور حشمت اللہ نے 26 رنزبنائے جبکہ عظمت اللہ 22 ، رحمان اللہ گرباز 21 اور محمدنبی نے 12 رنز اسکور کیے۔ راشدخان 35 رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button