کھیل

 ورلڈ کپ کوالیفائر: سعودی عرب اورپاکستان آج مد مقابل ہوں گے

سعودی عرب فیفا رینک میں 57ویں نمبر پر جبکہ پاکستان 193ویں نمبر پر براجمان ہے۔ پاکستان پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر کے راؤنڈ 2 میں حصہ لے رہا ہے

دمام(سپورٹس ڈیسک) سعودی عرب اور پاکستان 2026 میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ 2 میں آج مد مقابل ہوں گے، سعودی عرب فیفا رینک میں 57ویں نمبر پر جبکہ پاکستان 193ویں نمبر پر براجمان ہے۔ پاکستان پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر کے راؤنڈ 2 میں حصہ لے رہا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق 9:30 بجے سعودی عرب کے شہر دمام کے عبداللہ بن جلاوی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

سعودی فٹبال ٹیم کے ٹرینر روبرٹو مانشی نے کہا کہ پاکستان سے ہونے والے میچ کے لیے سعودی ٹیم مکمل طور پر تیار ہے۔ یہ ہمارا پہلا باقاعدہ میچ ہو گا، کسی بھی میچ کا آغاز یقیناً مشکل ہوتا ہے تاہم پوری کوشش کریں گے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور میچ  میں پوائنٹ حاصل کرنے کو یقینی بنائیں۔

پاکستان فٹبال ٹیم کے کوچ اسٹیفن کانسٹینٹائن نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی فٹبال ٹیم انتہائی مضبوط ٹیم ہے جس نے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کو 2-1 سے شکست دی تھی لیکن فیفا ورلڈ کپ  2026 کے دوسرے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کی ٹیم سعودی عرب سے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

کوچ کانسٹینٹائن نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر کے پہلے راؤنڈ میں پاکستان ٹیم نے کمبوڈیا کے خلاف اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں 1-0 سے فتح حاصل کی جو 3 دہائیوں میں ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاکستان کی پہلی جیت تھی، پہلا مرحلہ جیتنے کے بعد اب پاکستان کا دوسرے راؤنڈ میں سعودی عرب، تاجکستان اور اردن سے مقابلہ ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ورلڈ فٹبال کپ 2026 اور ایشین کپ 2027 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا حصہ ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کی فٹبال ٹیموں کے مابین مقابلے کے لیے شائقین پرجوش ہیں، اور مقامی میڈیا کی دلچسپی بھی بڑھ گئی ہے۔ فٹبال کے سعودی شائقین اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی جمعرات کو الفتح کلب اسٹیڈیم میں ہونے والے مقابلے میں غیرمعمولی دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button