ٹی ٹوئنٹی سیریز، شاہین شاہ کو پہلی بار ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ جمعہ کو آکلینڈ میں کھیلاجائے گا جس کے بعد ہیملٹن، ڈونیڈن اور دو میچز کرائسٹ چرچ میں کھیلے جائیں گے
آکلینڈ(سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا آغاز جمعہ 12 جنوری سے ہورہاہے جس میں دونوں ٹیمیں کئی تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ جمعہ کو آکلینڈ میں کھیلاجائے گا جس کے بعد ہیملٹن، ڈونیڈن اور دو میچز کرائسٹ چرچ میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی جمعرات کو کپتانوں کی ایک مختصر تقریب میں کی گئی۔ بابر اعظم کے مستعفی ہونے کے بعد کپتان بنائے جانے والے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی پہلی بار اپنی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ بابر اعظم اکتوبر 2024 میں کھیلے جانے والے آئی سی سی مینز ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد کپتانی سے مستعفی ہوگئے تھے۔
دریں اثنا پاکستان ٹیم میں بہت سے معروف چہرے شامل نہیں ہوں گے جن میں ٹخنے کی انجری کے باعث باہر ہونے والے شاداب خان کے علاوہ فاسٹ بالر حارث رف اور نسیم شاہ کو بھی آرام دیا گیا ہے۔ محمد حفیظ، عمر گل اور سعید اجمل کی آمد سمیت پاکستان کے کوچنگ اسٹاف میں تبدیلیوں کے بعد یہ پہلی ٹی 20 سیریز بھی ہے۔ یاسر عرفات کو بھی ہائی پرفارمنس کوچ بنایا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے آندرے ایڈمز کو بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈیون کونوے، میٹ ہنری، لوکی فرگوسن اور کپتان کین ولیمسن ٹیم میں واپسی کریں گے۔