کھیل

گال ٹیسٹ، سعود شکیل اور آغا سلمان کی نصف سنچریاں، قومی ٹیم بچ گئی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا کے 312 رنز کے جواب میں پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنالیے

گال(سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے سعود شکیل اور آغا سلمان کی نصف سنچریوں کی بدولت قومی ٹیم فالو آن سے بچ گئی۔

کھیل کے دوسرے روز سری لنکن ٹیم 312 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی سری لنکا کے 312 رنز کے جواب میں آغاز میں ہی پاکستان کا ٹاپ آرڈر فلاپ ہوگیا اور 101 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، جس کے بعد سلمان آغا اور سعود شکیل کی جانب سے اننگز آگے بڑھائی گئی۔ پاکستان کی جانب سے بیٹر امام الحق اور عبد اللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن یہ جوڑی کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی ،امام الحق دوسرے اوور میں صرف ایک رن پر ہی پویلین لوٹ گئے اس کے بعد عبد اللہ شفیق 19 رنز پر پربتھ جے سوریا کی گیند پردھننجیا ڈی سلوا کو کیچ دے بیٹھے۔ شان مسعود 30 گیندوں پر 39 رنز بناکر رمیش مینڈس کا شکار ہوئے جس کے بعد آئے کپتان بابر اعظم بھی ٹیم کے اسکور کو زیادہ آگے نہ بڑھاسکے اور پربتھ جے سوریا کی گیند پر صرف 13 رنز پر سدیرا سمارا وکرما کو کیچ دے دیا، وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے15 گیندوں پر 17رنز کی اننگز کھیلی۔ بارش کی وجہ سے دوسرے روز کا کھیل جلد ختم کردیا گیا۔ کھیل ختم ہوا تو سعود شکیل 69 اور آغا سلمان 61 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔ دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ پر 160 رنز کی شراکت داری قائم ہوچکی ہے۔ دوسرے روز کھیل کا آغاز سری لنکا نے 6وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز سے کیا۔

دوسرے روز سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز دھننجیا ڈی سلوا اور رمیش مینڈس نے کیا لیکن رمیش مینڈس 40 گیندوں پر 5 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار ہوگئے، فاسٹ بولر نسیم شاہ نے دھننجیا ڈی سلوا کو122 رنز جبکہ رمیش مینڈس کو صرف 4 رنز پر پویلین بھیجا، کوسن رجیتھا بھی صرف 8 رنز پر ابرار احمد کی گیند پر عبد اللہ شفیق کو کیچ دے بیٹھے۔ سری لنکا کی جانب سے ڈی سلوا نے 214 گیندوں پر 122 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، یوں پہلی اننگز میں سری لنکن ٹیم 312 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

گال میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز اسکور کیے تھے۔ سری لنکا کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹر دھننجایا ڈی سلوا اور تجربہ کار کھلاڑی اینجلو میتھیوز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، 2مرتبہ بارش سے متاثر ہونے کے سبب پہلے روز 65 اعشاریہ 4 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔ کھیل کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ نسیم شاہ، ابرار احمد اور آغا سلمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button