آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، مداحوں کیلئے بڑی خوشخبری، بھارٹی ٹیم پاکستان آنے کیلئے تیار؟
بھارت کے علاوہ دیگر ممالک پاکستان میں شیڈول کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے خواہشمند ہیں ، پی سی بی نے چند ہفتے قبل شیڈول منظوری کے لیے آئی سی سی کو بھجوایا تھا

لاہور(سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے مداحوں کے لئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے کہ اس ٹرافی کے لئے بھارتی ٹیم پاکستان آنے کے لئے تیار نظر آ رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول آئندہ ہفتے آئی سی سی دیگر ملکوں کے بورڈز سے شیئر کرے گا۔ ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم کی شرکت حکومت کی اجازت سے مشروط ہے، بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے پی سی بی کو اچھے اشارے مل رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے پی سی بی کے شیڈول میں ردوبدل نہیں کیا، آئی سی سی شیڈول کو دیگر سات ممالک کو اب بھجوائے گا ۔ چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلیا انگلینڈ، بھارت، جنوبی افریقا، بنگلا دیش، نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیموں کو شرکت کرنا ہے جبکہ بھارت کی جانب سے اب تک کسی باضابطہ پلیٹ فارم پر پاکستان نہ آنے کی بات نہیں ہوئی، دیگر ممالک کی ٹیمیں پاکستان آکر سیریز کھیل چکی ہیں ۔ دیگر ممالک پاکستان میں شیڈول کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے خواہشمند ہیں ، پی سی بی نے چند ہفتے قبل شیڈول منظوری کے لیے آئی سی سی کو بھجوایا تھا۔ میگا ایونٹ کے لیے پاکستان میں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام شروع ہوچکا ہے، آئی سی سی وفود پاکستان آکر انتظامات کا جائزہ لے چکے ہیں۔واضح رہے کہ ٹورنامنٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک کراچی،لاہور اور پنڈی میں کھیلا جائے گا ، فائنل کے علاوہ بھارتی ٹیم کے میچز لاہور میں رکھے گئے ہیں۔