سمندری طوفان نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی واپسی کی راہیں روک لیں
ٹیم کو خصوصی طیارے سے مقامی وقت کے مطابق شام کے اوقات میں روانہ ہونا تھا

لاہور(سپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تو اپنے نام کر لیا تاہم ان کا اپنے ملک میں ابھی تک واپس نہ آنا مداحوں کیلئے تشویش کا نہیں بلکہ شدید تکلیف کا باعث ہے۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی فاتح بھارتی کرکٹ ٹیم کی اپنے وطن میں واپسی میں مزید تاخیر توجہ طلب بھی ہے اور حیران کن بھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیم کو خصوصی طیارے سے مقامی وقت کے مطابق شام کے اوقات میں روانہ ہونا تھا تاہم بھارتی کرکٹ ٹیم کی وطن روانگی میں مزید چند گھنٹے تاخیر ہوگئی۔ یہی وجہ ہے کہ وہ بروقت نہ روانہ ہو سکے اور نہ بروقت پہنچ سکے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹیم کو بدھ کی رات پونے 8 بجے دہلی پہنچنا تھا لیکن ٹیم کے اب جمعرات کی صبح 4 سے 5 بجے پہنچنے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ سمندری طوفان کی وجہ سے بھارتی ٹیم کا بارباڈوس میں قیام طویل ہو گیا، ٹیم کی بھارت واپسی کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ نے خصوصی طیارے کا بندوبست کیا تھا۔بھارتی بورڈ نے 20 سے زائد صحافیوں کو بھی چارٹرڈ فلائٹ سے وطن روانگی کی پیشکش کی تھی۔