شاہین،بابر،رضوان کی صلح کیلئے بھاگ دوڑ’ 2سابق کرکٹرز متحرک
تینوں کرکٹرز کی سابق کپتان کے گھر ملاقات کا بھی امکان ہے

لاہور(سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، شاہین آفریدی اور محمد رضوان کے درمیان اختلافات ختم کروانے کیلئے 2 سابق کپتان متحرک ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی، کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کے درمیان صلح کروانے اور دوریاں ختم کرنے کیلئے 2 سابق کرکٹرز نے تینوں کھلاڑیوں سے رابطے کیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کی وطن واپسی پر تینوں کرکٹرز کی سابق کپتان کے گھر ملاقات کا بھی امکان ہے۔

یاد رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ کے بعد ہیڈکوچ گیری کرسٹن کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ قومی ٹیم گروپ بندیوں کا شکار ہے جس کے باعث ایونٹ میں قومی ٹیم کو پہلے ہی رانڈ سے باہر ہونا پڑا۔گیری کرسٹن نے ٹیم میں ہونے والی گروپ بندیوں پر تفصیلی رپورٹ چیئرمین کرکٹ بورڈ (پی سی بی)محسن نقوی کو جمع کروائی تھی۔یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ محمد یوسف کے ساتھ بھی شاہین آفریدی کی تلخ کلامی ہوئی تھی تاہم وہاب ریاض کی مداخلت پر معاملہ رفع دفع ہوگیا تھا۔

یہ واقعہ دورہ انگلینڈ کے دوران پیش آیا تھا تاہم سینئیز مینیجر وہاب ریاض نے معاملے کو دبا دیا تھا جس پر انہیں اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا۔سابق کپتان کے اس اقدام کو ٹیم میں اتحاد یقینی بنانے اور میدان میں کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ذاتی طور پر اِن مصالحتی کوششوں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ اندرونی تنازعات آئندہ میچز کیلئے ٹیم کی تیاریوں میں رکاوٹ نہ بنیں۔