محمد رضوان کھیل پر فوکس کریں تبلیغ پر نہیں’نماز کی تلقین پر مداح سیخ پا
قومی کرکٹر کی چیمپئنز ون ڈے کپ کے پریکٹس سیشن کے دوران فینز کو نماز پڑھنے کی تلقین، ویڈیو وائرل

لاہور(سپورٹس ڈیسک)فیصل آباد میں ہونے والے چیمپئنز ون ڈے کپ کی ٹیم وولوز کے کپتان محمد رضوان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ پریکٹس سیشن دیکھنے کے لیے آئے فینز کو نماز پڑھنے کی تلقین کر رہے ہیں۔ محمد رضوان کہتے ہیں اگر ہم اچھے کام کرنے والے بن جائیں تو ملک بہتر جگہ پہنچ جائے گا، ساتھ ہی ان کا فینز کو کہنا تھا کہ ادھر سے واپس جا کر نماز پڑھ لینا۔
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں چیمپئنز کپ کے موقع پر قومی کرکٹر محمد رضوان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر تنقیدی تبصرے کیے گئے۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ محمد رضوان سے کہیں کہ کھیلنے پر فوکس کریں کیونکہ پی سی بی انہیں تبلیغ کرنے کے پیسے نہیں دیتا۔ایک ایکس صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ محمد رضوان پارٹ ٹائم کرکٹر جبکہ فل ٹائم مولانا ہیں۔
رجب علی نے محمد رضوان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ یہ اچھی اداکاری کر لیتے ہیں۔واضح رہے کہ چیمپئنز ون ڈے کپ ٹورنامنٹ 12 سے 29 ستمبر تک اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا جس میں ملک کے 150 بہترین کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں، دوسری طرف وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو تینوں فارمیٹس کے لیے قومی ٹیم کا کپتان بنائے جانے کا امکان ہے تاہم چیئرمین پی سی بی محسن نقوی حتمی فیصلہ کوچز، مینٹورز اور سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد کریں گے۔